نیشنل بینک ٹی 20بلا ئنڈ کرکٹ ٹرافی گریڈ 2ٹورنامنٹ آج شروع ہوگا
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) کے زیر اہتمام نیشنل بینک اور او جی ڈی سی ایل کے تعاون سے نیشنل بینک ٹی20 بلائنڈ کرکٹ ٹرافی گریڈ 2 ٹورنامنٹ (آج) بدھ سے شروع ہو گا۔ ایونٹ کا افتتاح ریجنل ہیڈ مردان نیشنل بینک اور ڈپٹی کمشنر اٹک کریں گے۔ اس موقع پر سیّد سلطان شاہ اور پی بی سی سی کے حکام سمیت او جی ڈی سی ایل اور نیشنل بینک کے نمائندے بھی موجود ہوں گے۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمیننے بتایا کہ اٹک میں شیڈول ایونٹ میں ملک بھر سے 8 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جس میں کوئٹہ، حیدرآباد، ملتان، سرگودہا، فیصل آباد، شیخوپورہ، ایبٹ آباد اور میزبان اٹک شامل ہے۔ ایونٹ کا فائنل 22 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کونسل نے مختلف ڈومیسٹک ایونٹس کا انعقاد کیا ہے جس کا مقصد ملک بھر سے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی بی سی سی ڈومیسٹک سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو سنٹرل کنٹریکٹ میں بھی شامل کرے گا۔