ویمنز سیریز: انگلینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹی ٹونٹی میں 29رنز سے شکست دیدی
کوالالمپور (اے پی پی) انگلینڈ ویمن نے پہلے بین الاقوامی ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ میں پاکستان کی خواتین ٹیم کو 29 رنز سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی، ایمی جونز کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان کی 60 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، انکے علاوہ کوئی بھی پاکستان کی کھلاڑی انگلش باؤلرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکیں، 8 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکیں، پاکستان کی ٹیم 155 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی، پاکستان اور انگلینڈ کی خواتین ٹیموں کے مابین ٹی ٹونٹی سیریز کے ابتدائی میچ میں دو کھلاڑیوں نے ڈیبیو کیا، کوالالمپور میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ ویمن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر154 رنز بناکر پاکستان ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 155 رنز کا ہدف دیا۔ وکٹ کیپر بلے باز ایمی ایلن جونز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 چوکوں کی مدد سے 53، نتالی سیور ناقابل شکست 34 اور ٹامی بیومونٹ 30 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہیں۔ پاکستان ویمن کی طرف سے ندا ڈار نے دو جبکہ انعم امین اورا پنے ٹی ٹونٹی کیریئر کا پہلے میچ کھیلنے والی سیدہ عروب شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جواب پاکستان کی خواتین ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 18.4 اوورز میں 125 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، کپتان بسمہ معروف 60 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہیں، سدرہ نواز نے 22 اور عمائمہ سہیل نے 21 رنز بنائے، ان کے علاوہ کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی انگلش باؤلرز کا جم کر سامنا نہ کرسکیں، انگلش باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کے باعث پاکستان کی 8 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکیں اور یکے بعد دیگرے پویلین لوٹتی چلی گئیں۔ انگلینڈ کی طرف سے سوفی اسلیسٹون نے تین، فریا ڈیوس اور نتالی سیور نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انگلینڈ کی ایمی جونز کو میچ کی بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔