یوفون خیبرپختونخوا فٹبال کپ کے سیمی فائنلز اختتام پذیر

  یوفون خیبرپختونخوا فٹبال کپ کے سیمی فائنلز اختتام پذیر

  



لاہور(پ ر) 16 یوفون خیبرپختونخوا فٹبال کپ کے دونوں سیمی فائنلز پیر کی شام پشاور کے طہماس خان اسٹیڈیم میں کھیلے گئے جس میں مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سیمی فائنلز شروع ہونے سے قبل کھلاڑیوں، حکام اور منتظمین نے آرمی پبلک اسکول کے سانحہ میں شہید بچوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ پہلا سیمی فائنل پشاور کمبائنڈ ایف سی اور ڈی ایف اے گرین کوہاٹ کے درمیان کھیلا گیا۔ یہ بڑا دلچسپ میچ رہا جس کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے گول اسکور کرنے بہت کوشش کی لیکن ناکام رہے اور کوئی بھی ٹیم گول اسکور نہ کرسکی۔ دوسرے ہاف میں دونوں ٹیمیں نئی توانائی کے ساتھ میدان میں اتریں۔ پشاور کی ٹیم کو کھیل کے 63 ویں منٹ میں اس وقت کامیابی ملی جب محمد حارث نے پہلا گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو سبقت دلادی۔ کوہاٹ کی ٹیم نے بعد ازاں گول اسکور کرکے میچ برابر کرنے کی بہت کوشش کی تاہم پشاور کے مضبوط دفاع کی وجہ سے وہ گول اسکور نہ کرسکی۔ کھیل کا وقت ختم ہونے پر پشاور کی ٹیم فاتح بن کر ابھری اور فائنل میں اپنی جگہ بنالی۔ اس ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل ڈی ایف اے صوابی اور ڈی ایف اے چترال کے درمیان کھیلا گیا۔ یہ میچ بھی نہایت سنسنی خیز رہا اور دونوں ٹیموں نے گول اسکور کرنے کے لئے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کئے تاہم دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں۔ کھیل کا وقت ختم ہونے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ پر میچ کا فیصلہ کیا گیا جس میں چترال نے 4 کے مقابلے میں 5 گول اسکور کرکے کوہاٹ کو شکست دے کر سیمی فائنل جیت لیا۔

  خیبرپختونخوا میں اس چیمپیئن شپ کا آغاز یوفون بلوچستان فٹبال ٹورنامنٹ کی کامیابی کے بعد کیا گیا۔بلوچستان میں سال 2017 سے اب تک اسکے تین ایڈیشنز منعقد ہوچکے ہیں۔ بلوچستان میں آخری ٹورنامنٹ مارچ 2019 میں ہوا اور افغان چمن ایف سی نے یہ خصوصی ٹرافی اپنے نام کی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی