صوبائی وزیر مواصلات اکبر ایوب کے زیر صدارت اجلاس کا انعقاد

          صوبائی وزیر مواصلات اکبر ایوب کے زیر صدارت اجلاس کا انعقاد

  



پشاور (سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان کے زیر صدارت پروینشل روڈز انفراسٹرکچر پراجیکٹ کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو محمد شہاب خٹک، چیف انجینئر سنٹرمحمد ایوب، پروجیکٹ ڈائریکٹرمحمد طارق اور محکمہ مواصلات کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر کو پی آر آئی پی میں شامل شاہ عالم سردریاب روڈ، عمرزئی ہریچند شیرگڑھ روڈ، جنڈے سنگ مرمر روڈ ایسٹرن اور ویسٹرن بائی پاس، خیرآباد کا ہی روڈ، آدینہ یارحسین روڈ، مقصود کوہالہ روڈ، ہری پور حطار روڈ، مردان صوابی روڈ اور رسالپور جھانگیرہ وائے پیرسباک مصوری بانڈہ روڈ کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔ جس پر اکبر ایوب خان نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر پر کام تیز کیا جائے اور ان کی تعمیر میں پی ٹی سی ایل اور ایس این جی پی ایل کے لائنز کا خیال رکھا جائے اور ان کے بارے میں متعلقہ محکموں سے بات کی جائے کہ سڑک کی تعمیر سے پہلے ان کو بیچھایا جائے تاکہ بعد میں سڑکوں کو کاٹنے سے بچایا جا سکے۔ صوبائی وزیر مواصلات نے محکمے کو ہدایت جاری کی کہ جہاں پر سڑکوں میں ٹول پلازہ ہیں ان کی تعمیر ساتھ میں کی جائے اور دو رویہ سڑکوں کو آپس میں بونڈری وال کے ذریعے جدا کر دیا جائے تاکہ کہ بعدازاں مسائل سے بچا جاسکے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر میں کنٹریکٹرز پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ کسی بھی جگہ ناقص میٹریل کا استعمال نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں میں بائی پاس اور انڈر پاس کی تعمیر میں ان کی اونچائی اور چوڑائی کا خاص خیال رکھا جائے اور انڈر گراؤنڈ میں دکانوں کی تعمیر بھی کی جائے تاکہ مستقبل میں اس سے تجارتی فوائد حاصل ہوں۔ اکبر ایوب خان نے کہا کہ ان تمام سڑکوں کی تعمیر سے منسلک ہر شہ پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ جاری تمام کاموں کو ایک ہی جگہ مکمل کیا جائے اور ان کو لوگوں کے فائدے کے لئے یک مْشت کھول دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ عوام کو ان کی ضروریات ان کے دہلیز پر میسر ہوں جس کے حصول کے لئے ہماری پوری ٹیم وزیراعلی محمود خان کی سربراہی میں بھرپور کام کر رہی ہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر