صوبے میں پائیدار ترقی کا سلسلہ شروع ہو چکا‘ ڈاکٹر امجد

    صوبے میں پائیدار ترقی کا سلسلہ شروع ہو چکا‘ ڈاکٹر امجد

  



پشاور (سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات کے باعث صوبے میں پائیدار ترقی کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، اور عوامی فلاح وبہبود کے کئی ایک منصوبے تکمیل کے اخری مراحل میں ہیں۔ ممبر قومی اسمبلی سلیم الرحمان کے ہمراہ پنجیگرام تا گوگ دارہ روڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سوات کے عوام ایک عرصے تک محرومیوں کا شکار رہے ہیں، تاہم اب موجودہ حکومت یہاں کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرنے کے لئے کمر بستہ ہے، اور صرف حلقہ پی کے 6 میں تقریبا ایک ارب روپے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، ان منصوبوں میں شاہراوں اور اسکولوں کی تعمیر، واٹر سپلائی اور دیگر سکیمیں شامل ہیں۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھاکہ پنجیگرام تا گوگ دارہ روڈ دو کلومیٹر پر محیط ہے جس پر ایک کروڑ 77 لاکھ روپے کی لاگت آئی گی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے صوبے کے مختلف اضلاع میں نئے شاہراوں کی تعمیر اور بحالی پر کام تیز کردیا ہے، منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو صوبے کے مختلف علاقوں کے لئے آمدورفت میں نمایاں بہتری دیکھنے کو ملے گی اور بہتر انفراسٹرکچر سے ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔ وزیر معدنیات کا کہنا تھاکہ ملکی سیاست میں تحریک انصاف کی آمد سے روایاتی سیاست کا باب ختم ہونے کے قریب ہے، موجودہ حکومت میں سزاء وجزاء کا عمل شروع کردیاگیا ہے اور ملکی خزانہ کو لوٹنے والے پابند سلاسل ہوچکے ہیں، کرپٹ ٹولے سے قوم کا لوٹا ہوا پیسا ہر صورت وصول کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی میرٹ اور شفافیت پر مبنی پالیسی سے نئے پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا ہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر