سٹی امپروومنٹ پروگرام کی تکمیل سے شہریوں کو بہترین سہولیات میسر آئینگی: شہرام ترکئی

سٹی امپروومنٹ پروگرام کی تکمیل سے شہریوں کو بہترین سہولیات میسر آئینگی: ...

  



پشاور:۔خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، انتخابات و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا سٹی امپرومنٹ پروگرام (kpcip) کے تحت پشاور، منگورہ، ایبٹ آباد، کوہاٹ اور مردان میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، واٹر سپلائی اینڈ سینی ٹیشن اور علاقوں کو سرسبز بنانے کے حوالے سے اقدامات کیے جائیں گے۔ صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار ایشیائی ترقیاتی بینک کے اعلیٰ حکام کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ میاں شکیل، اسپیشل سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عامر سلطان ترین، اسپیشل سیکرٹری بلدیات معتصم باللہ، ڈائریکٹر جنرل بلدیات عابداللہ، سیکریٹری لوکل کونسل بورڈ خضر حیات خان اور دیگر حکام موجود تھے۔ شہرام خان ترکئی نے خیبرپختونخوا سٹی امپرومنٹ پروگرام کے حوالے سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے حکام کو آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے مکمل ہونے سے ان شہروں کے رہائشیوں کو بہترین سہولیات میسر آئیں گی۔ سٹی امپرومنٹ پروگرام میں شامل پانچوں شہروں میں سیوریج واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس لگانے کے حوالے سے بات چیت بھی کی گئی۔ وزیرِ بلدیات نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے حکام کو باور کرایا کہ ان کے ہر منصوبے میں گرین پارٹ شامل ہوتا ہے تاہم بی آر ٹی پراجیکٹ میں ایسا نہیں ہوا۔ جس پر بینک حکام کا کہنا تھا کہ ہم اس پر کام شروع کرنے جارہے جس کے تحت شہر میں مزید گرین بلٹس اور بی آر ٹی کوریڈور پر پودے لگائے جائیں گے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے حکام کے ساتھ اجلاس میں لوکل گورنمنٹ سکول کو مزید فعال بنانے، ٹی ایم ایز اور دیگر ورکرز کی تربیت کے لیے ماہرین کی خدمات کے حصول کے میکنزم کی تیاری پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہرام خان ترکئی نے کہا کہ منگورہ شہر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے بھی ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔

مزید : پشاورصفحہ آخر