اہم کاروباری مقامات پر سی سی ٹی وی مانیٹرنگ نظام لایا جا رہا ہے‘ آر پی او راولپنڈی

اہم کاروباری مقامات پر سی سی ٹی وی مانیٹرنگ نظام لایا جا رہا ہے‘ آر پی او ...

  



راولپنڈی (کامرس ڈیسک) یجنل پولیس آفیسر سہیل حبیب تاجک نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے دورہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں جرائم کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جا رہا ہے۔ اہم کاروباری مقامات کو سیف سٹی کی طرز پر سی سی ٹی وی مانیٹرنگ نظام لایا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہر کاروباری مرکز پر ہنگامی کال کا بٹن بھی لگایا جا ئے گا تاکہ کوئی بھی تاجر و شہری کسی بھی واردات یا جرم کی اطلاع کے لیے ایس او ایس کالز کر سکے۔ یہ نظام شہر کے تمام تھانوں اور ڈولفن فورس کو فوری الرٹ جاری کرے گا۔ کمیونٹی پولیس، تنازعات کے متبادل حل کے لیے ADRCکو فعال کرنے کے لیے چیمبر کی تجاویز قابل ستائش ہیں۔

ان خیالات کا اظہار رکے دورے کے موقع پر تاجر برادری و چیمبر ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر چیمبر صبور ملک، گروپ لیڈر سہیل الطاف، نائب صدر حمزہ سروش، سابق صدورامان اللہ خان، ڈاکٹر حسن سروش، ایگزیکٹو ممبران،چیئرمین پولیس چیمبر کمیٹی پرویز احمد وڑائچ اور انجمن تاجران کے نمائندوں اورتاجروں کی ایک کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ آر پی او نے کہا کہ پولیس کا اولین فرض شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔ معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں تاجر برادری کا کردار نہایت اہم ہے۔ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ شہر خاص طور پر مارکیٹوں میں سٹریٹ کرائم کوکنٹرول کیا جا سکے تاکہ کسٹمر زاطمینان کے ساتھ شاپنگ کر سکیں۔ معاشرے سے جرائم کے خاتمے کے لیے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا،مساجد کے ذریعے عوام میں آگاہی کے لیے جمعہ کو خطیب حضرات اہم موضوعات پر بیان دیں گے۔ عدم برداشت، بچوں کو جنسی ہراسیت سے بچانے کے لیے گزشتہ جمعے کو خطیب حضرات بیان دے چکے ہیں، آئندہ جمعے کو منشیات کے نقصانات اور روک تھام پر خطیب حضرات بیان دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، کنٹرول روم اور بہتر رابطے کے لیے تجاویز عمل کیا جائے گا۔ صدر چیمبر صبور ملک نے کہا کہ سٹریٹ کرائم بڑھنے کی اہم وجہ بے روزگاری ہے۔ ہمیں مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ سیف سٹی منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے، ADRC اور چیمبر پولیس رابطہ کمیٹی فعال کر نے سے ایف آئی آر کا بوجھ کم ہو گا۔ انہوں نے آر پی او کی جانب سے تاجروں کے مسائل سننے اور موقع پر ہدایات جاری کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

مزید : کامرس