پاکستان فرنیچر کونسل کا وفد آئندہ ماہ چین کا 5 روزہ دورہ کریگا

پاکستان فرنیچر کونسل کا وفد آئندہ ماہ چین کا 5 روزہ دورہ کریگا

  



لاہور (لیڈی رپورٹر)پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کا اعلی سطح کا وفد نئی منڈیوں کی تلاش اور کاروباری روابط کے فروغ کیلئے آئندہ ماہ چین کا 5 روزہ دورہ کریگا۔ پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے پی ایف سی ہیڈ آفس میں فرنیچر برآمد کنندگان کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتایا کہ وفد چین میں غیر ملکی بزنس لیڈرز، ریسرچرز اور سرمایہ کاروں کے ساتھ براہ راست بات چیت کرے گا اور اس سے سرمایہ کاری کے نئے مواقع کی تلاش اور شراکتداری کیلئے نئے اداروں اور کاروباری شخصیات سے رابطے کے مواقع میسر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین اقتصادی اور تجارتی تعلقات میں اضافے کی بڑی صلاحیت موجود ہے اور پاکستانی تاجر برادری کو عالمی منڈیوں میں مسابقت کو بہتر بنانے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ پی ایف سی کے سربراہ نے کہا کہ یہ انتہائی ضروری ہے کہ ہم ان مصنوعات کی تیاری پر توجہ دیں جن کی چین میں مانگ ہے تاکہ برآمدات کو بڑھایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ چینی فرنیچر مینوفیکچررز نے پاکستان کے فرنیچر سیکٹر میں بہتری لانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی پر اتفاق کیا ہے جس سے نہ صرف مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا ہونگے بلکہ معیشت کے فروغ میں بھی مددملے گی۔ میاں کاشف اشفاق، جو فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے چیئرمین بھی ہیں، نے کہا کہ وہ چینی فرنیچر مینوفیکچررز اور سرمایہ کاروں کو دعوت دیں گے کہ وہ فیڈمک کے ذریعہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو دیئے جانے والے مراعاتی پیکج اور خصوصی اقتصادی زون میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھی فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں 150 ایکڑ پر قائم ہونے والے فرنیچر سٹی کے حوالے سے بھی چینی سرمایہ کاروں کو آگاہ کریں گے۔ میاں کاشف نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ چین پاکستان آزاد تجارتی معاہدے کے تحت چین کی طرف سے دی جانے والی مراعات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایف سی اہم غیر ملکی منڈیوں امریکہ، جاپان، یورپی یونین، خلیجی ریاستوں اور جنوبی ایشیاء میں مارکیٹنگ سرگرمیوں پر توجہ دے رہی ہے۔ اس موقع پر پی ایف سی بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبران ملک فاروق، شہباز اسلم اور شہزاد مغل بھی موجود تھے۔#/s#

مزید : کامرس