مودی کی انتہا پسند سوچ خطے کے امن کیلئے سنگین خطرہ: فردوس عاشق
اسلام آباد(آئی این پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعا ت و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ امتیازی شہریت کے متنازعہ بھارتی قانون نے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے حقوق کو روند ڈالا ہے، طلبا پر تشدد نے مودی کے بھارت کو تقسیم کرنے کے حوالے سے عالمی جریدوں کی پیش گوئی پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مودی کی انتہا پسندی کی آگ نے بھارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ ایسی سوچ پورے خطے کے امن کیلئے سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا امتیازی اور متعصبانہ شہریت قانون کے خلاف احتجاج کرنے والے بھارتی طلبا پر بہیمانہ اور وحشیانہ تشدد انسانیت کی تذلیل اور بھارتی نام نہاد جمہوریت کے منہ پر طمانچہ ہے۔ علاوہ ازیں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئیفردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سی پیک سے خطے کی قسمت بدل سکتی ہے،سی پیک پاکستان کی تجارتی، ثقافتی و صنعتی ترقی کا ضامن ہے،سی پیک کے خلاف مخالفین کے پراپیگنڈے کو ناکام بنانے پر پاکستانی میڈیا کا کردار قابل تعریف ہے،چین 20ہزار پاکستانی طلبا کو سکالر شپ دے رہا ہے،سی پیک کی راہ میں منفی پروپیگنڈے کو رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ سی پیک کے منصوبے نہ صرف پاکستان بلکہ خطے میں خوشحالی کا نیا باب کا باعث بن سکتے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان
اسلام آباد (پ ر) سنٹر فار گلوبل اینڈ سٹریٹیجک سٹڈیز (سی جی ایس ایس)، اسلام آباد کے مورخہ 17دسمبر2019 کو ہوٹل مارگلہ، اسلام آباد میں ”بیلٹ اور روڈ پارٹنرز کے مابین کراس- ریجنل میڈیا فیوژن“ پر ایک بین الاقوامی کانفرنس کا اہتمام کیاگیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان-اطلاعات و نشریات کیلئے وزیراعظم کی معاون مہمان خصوصی تھیں۔کانفرنس کے مہمان مقررین میں آذر بائیجان، بیلارس، چین، ایران، جمہوریہ کرغز، سری لنکا، تاجکستان اور ازبکستان سے میڈیا پس منظر رکھنے والے نمایاں بین الاقوامی مقررین شامل تھے جنہوں نے موضوع پر وقیع معلومات فراہم کیں۔سیشن کا آغاز میجر جنرل سید خالد امیر جعفری ہلالِ امتیاز (ملٹری) (ریٹائرڈ)، صدر سی جی ایس ایس کے ابتدائی کلمات سے ہوا جنہوں نے بتایا بی آر آئی علاقائی روابط کے فروغ کیلئے ایک جامع منصوبہ ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بی آر آئی ریاستوں کے میڈیا ادغام کی اہمیت کی مزید وضاحت اور تشریح کی۔ اُنہوں نے کہا کہ بی آر آئی کا صدر زی جن پنگ کا تصور روابط کے نئے دور کا پیش خیمہ ہے جو شمال و جنوب کے مابین خلیج کا کام کریگا۔ سی پیک منصوبہ ایک برقرار ترقی کی طرف گامزن ہے۔ مزید براں معاشی اقتصادی ترقی اورزراعت کے شعبہ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ بی آر آئی اور سی پیک جیو اکنامک لینڈ سکیپ میں بہتری لارہے ہیں اور نہ صرف پاکستان کی خوشحالی بلکہ تمام ریجن کیلئے مشترکہ ترقی کا باعث بن رہے ہیں۔ سی پیک نے پاکستانی طلباء کیلئے 20 ہزار وظائف کی داغ بیل ڈالی ہے جبکہ اس پراجیکٹ کے تحت ایک ہزار سکولوں کو ڈویلپ کیا جائیگا۔ سی پیک کے سکوپ میں پاکستان کے لوگوں کے فائدہ کیلئے وسعت دی گئی ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سی پیک کے خلاف منفی پروپیگنڈے کی بیخ کنی میں پاکستانی میڈیا کے مثبت کردار کی تعریف کی۔ اُنہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی کانفرنسوں اور بحث و مباحثہ فورمز کا انعقاد غلط فہمیوں کے خاتمہ کا بھرپور راستہ ہے۔بی آر آئی علاقہ کا مستقبل ہے۔مادام پنگ چُن زیو، ڈپٹی چیف آف مشن،سفارت خانہ عوامی جمہوریہ چین اسلام آباد نے کہا کہ چین اقتصادی ترقی کا انجن ہے جس نے تمام پارٹنرز کی مشترکہ ترقی کیلئے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کئے۔ چین ایک نئے ماڈل کی تعمیر کررہاہے۔ جسکے خواص میں عدم تنازعہ کا رجحان، سرد جنگ، طاقت کی سیاست کا خاتمہ اور سب کیلئے یکساں صورتحال کا پیدا کرنا ہے۔ چین نے پُر امن سفارت کاری اور باہمی تعاون کو فروغ دیا جسکا مقصد مشترکہ خوشحالی کی حامل بین الاقوامی صورتحال قائم کرنا ہے۔ مختصراً،امن اور استحکام وقت کی ضرور ت ہے اور بی آر آئی اس ہدف کے حصول کیلئے اہم ہے۔ بی آر آئی تجارت پربین الاقوامی لاگت کو کم کریگا۔ازبکستان سے جناب اسماعیلو مظفر، چیف ایڈیٹر از رپورٹ، تاشقند نے ازبکستان کی ترقی سے متعلق نئی حکمت عملی بذریعہ میڈیا انضمام پر اپنے خیالات پیش کئے۔ اُنہوں نے کہا کہ ازبکستان میڈیا کی ترقی کیلئے جانفشانی سے کام کررہاہے اور کئی سرکاری اور نجی چینلز بی آر آئی منصوبہ کے اصل حقائق سے متعلق عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے مقصد سے شروع کئے ہیں۔ واضح مقصد کار آمد معلومات کو فروغ دینااور نظریاتی نقطہ نگاہ سے بحث و تمحیص کرنا ہے۔آذربائیجان کی نمائندگی کرتے ہوئے جناب شاہنجافروو، سینئر کارسپانڈنٹ، آذربائیجان سٹیٹ نیوز ایجنسی، باکو نے کہا بی آر آئی صرف مالی منصوبہ نہیں ہے بلکہ یہ ایک ثقافتی منصوبہ بھی ہے جو مختلف برادریوں میں رابطہ کیلئے مدد کرتا ہے اور علاقائی تعلق اور باہمی تعاون کو فروغ دیتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بی آر آئی سے ہمیں انفراسٹرکچرل کا میابیاں حاصل ہوئیں اور چھ نئے بین الاقوامی ہوائی اڈے قائم کئے گئے۔جناب اسد انعام، سی ای او، X2O (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے کہا کہ ماضی میں ایشیاء دیگر بر اعظموں سے کوئی موازنہ نہیں رکھتا تھا تاہم چین کی بی آر آئی کی کوشش سے ایشیاء اب دنیامیں سب سے بڑی اقتصادیات میں گردانا جاتا ہے۔ اس تمام تر ترقی کو میڈیا سے فروغ دیا جاسکتا ہے۔ ایڈورٹائزنگ بی آر آئی کیلئے ایک انتہائی اہم کردار اداکرسکتی ہے۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ باہمی روابط کا سرکاری سطح پر ترقی پانا لازم ہے اور علاقائی تعاون کے فروغ کیلئے بین الاقوامی مارکیٹوں کا قیام لازمی ہے۔جناب الادز سلاؤ سچیوچ، صحافی، پبلشنگ ہاؤس، ”بیلارس ٹوڈے“ منسلک از بیلارس نے اپنی تقریر میں بیلارس کی سٹریٹیجک اہمیت کو اجاگر کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ بی آر آئی کیلئے بیلارس کی جغرافیائی حیثیت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ 2016 میں میڈیا انٹرنیشنل فورم کا قیام عمل میں آیا تاکہ معلومات اور باہمی تعاون کے تبادلے کو فروغ دیا جائے۔ بی آر آئی علاقائی تبدیلی کی کنجی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بیلارس 24 دنیا کے 100 ممالک میں نشریات دے رہاہے اور بی آر آئی ایران سے معلوماتی دائرہ میں مثبت خبروں کو نشر کرتا ہے۔ سفیر اکبر گسیمی وزارت فارن افیئرز نے بیجنگ کے ساتھ اپنی سٹریٹجیک شراکت داری پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا ہم انتہائی مشکل حالات میں بین الاقوامی علاقائی ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔ پاکستان سیکورٹی اور ڈویلپمنٹ کیلئے ایک ریجنل ایکٹر کی حیثیت سے اہم کردار کا حامل ہے۔ میڈیا مغرب اور ایشیائی علاقہ میں بیمثال باہمی تعاون کو فروغ دینے میں اپنا تعمیری کردار کا حامل ہے۔ جناب مدثر ٹیپو، ڈائریکٹر جنرل چائنہ، وزارت فارن افیئرز، اسلام آباد نے میڈیا کے پلیٹ فارم سے علاقائی باہمی تعاون پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے کہا کہ سی پیک ایک ترجیحی منصوبہ ہے۔ پاکستانی میڈیا انتہائی متحرک ہے لیکن ہمارے لئے یہ یقین کرلینا ضروری ہے کہ جو خبر رپورٹ کی جارہی ہے حقیقی ہے اور درست ہے نہ کہ غلط۔ ہمارا یقین ہے کہ سی پیک ایک گارنٹی شدہ پراگریس کرسکتی ہے اور پاکستان کے امیج کیلئے ایک بہت بہتری کا موجب ہوگا۔ثانوی سیشن کا آغاز ڈاکٹر معید یوسف، چیئرپرسن سٹریٹیجک پالیسی پلاننگ سیل (ایس پی پی سی)، وزیراعظم سیکرٹریٹ، اسلام آباد جو گیسٹ آف آنر تھے کی تقریر سے ہوا۔ اُنہوں نے کہا بی آر آئی کو لازمی طور پر انفراسٹرکچرل بنیاد پر نہ پرکھا جائے بلکہ اس کا تجربہ تعلق داری کے زمرے میں کرنا لازمی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے تصور کی بنیاد اقتصادی حکمت عملی بین الاقوامی مارکیٹ کے ساتھ روابط کار کے ذریعے ہے۔ جنوبی ایشیاء دنیا میں کم ترین رابطہ کاعلاقہ گردانا جاتا ہے۔ بی آر آئی لوگوں کے درمیان رابطہ قائم کرنے کا اہم ستون ہے۔ اختلاف کا ماننا اور منانا عصرحاضر کی ضرورت ہے جبکہ معلومات شیئر کرنے کے پلیٹ فارمز لازمی طور پر بی آر آئی منصوبہ کے صلہ میں فروغ پائیں۔ چائنہ سے ڈاکٹر ہوناگ چو۔زن، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل و جنرل سیکرٹری، نیو میڈیا ریسرچ سنٹر، چائنیزاکیڈمی آف سوشل سائنسیز (سی اے ایس ایس)، بیجنگ نے مختلف علاقوں (Regions) کے میڈیا ہی میں کیونکرگہری ہم آہنگی کی سفارشات پیش کیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمیں زیادہ اہداف والی خبروں کے ارتکاز اور تقسیم اور ویڈیو پروگراموں کی پروڈکشن میں مختلف باہمی تعاون کے پلیٹ فارمز کا بہتر استعمال کرنا چاہیے۔جناب نورالامین ایزادین، ڈپٹی ایڈیٹر، دی سنڈے ٹائمز، کولمبو نے سری لنکا کی نمائندگی کرتے ہوئے میڈیا انڈسٹری کے درمیان باہمی تعلقات پرروشنی ڈالی تاکہ چائنہ۔ سری لنکا الائنس کو مضبوط کیا جائے۔ اُنہوں نے کہا بی آر آئی دو طرفہ اور کثیر طرفہ تعلقات کے فروغ اور اضافہ، انصاف، مشترکہ اقدار اور باہمی تعاون کے فروغ میں انتہائی مثبت کردار ادا کررہا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ بی آر آئی شراکت داروں کے درمیان بی آر این این سے متعلق مزید آگاہی لازماً پیدا کی جائے جیسا کہ بہت کم لوگ اس کے بارے میں علم رکھتے ہیں۔ چین، سری لنکا کا سب سے بڑا تجارتی شریک کار ہے نیز سب سے بڑا ڈونر بھی ہے جسمیں بی آر آئی کے ذریعے مزید اضافہ ہوگا۔جمہوریہ کرغز سے جناب ایڈیلٹ ایڈینی سوو، ماہراز پریذیڈنٹ پریس سروس، بشکیک نے میڈیا کے تبادلہ کے ذریعے بیلٹ اینڈ روڈ کاوش اور مواقع پر تقریر کی۔ اُنہوں نے کہا بی آر آئی کا مقصد 60 سے زائد ممالک کی اقتصادی حالت کو بہتر بنانا ہے۔ بی آر آئی دنیا کی تقریباً 75 فیصد آبادی کا احاطہ کرتا ہے اور بی آر آئی نے اب ایک وسیع علاقہ کو شامل کیا ہے۔تاجکستان سے جناب قانوا تولو سیفو لود، ”کھواڑ“نیوز ایجنسی دشانبے نے کہا کہ بی آر آئی کا مقصد باہمی مشترکہ ترقی ہے۔ نئی شاہراہ ریشم نے تاجکستان اور چین کے تعلقات میں نئے فیز کی داغ بیل ڈالی ہے۔ تاجکستان کیلئے اہم معاملات میں ٹرانزٹ کی بہتری، شاہراہوں،سرنگوں کی تعمیر اور کثیر الجہت باہمی تعاون ہے۔جناب سعید جاوید، ڈائریکٹر جنرل ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ، وزارت اطلاعات و نشریات، اسلام آباد نے کہابی آر آئی تقریباً 4.6 بلین لوگوں کی گروتھ پوٹینشل میں اضافہ کررہاہے جو دنیا کی آبادی کا 61 فیصد ہیں۔ بی آر آئی تجارت اور کاروباری تعلقات کے فروغ اور بے پناہ وسائل کو جذب کرنے کیلئے لازمی ہے۔ بی آر آئی علاقائی باہمی تعاون اور مواصلات کے نظام میں بہتری لارہاہے۔ پاکستان میڈیا تقریباً 100 ٹی وی چینلز اور ہزاروں ٹریڈ پبلیکیشنز پر مشتمل ہے اسلئے بی آر آئی کی کاوش سے متعلق حقیقی معلومات پہنچانے کیلئے الیکٹرانک میڈیا بہت ضروری ہے۔ تقریباً 300 افراد بشمول ڈپلومیٹس، پالیسی ماہرین اور میڈیا کی شخصیات نے کانفرنس میں شرکت کی۔