ریڈینس اسکول نارتھ ناظم آباد کے طلبہ کا گورنر ہاؤس کی عمارت کا دورہ

ریڈینس اسکول نارتھ ناظم آباد کے طلبہ کا گورنر ہاؤس کی عمارت کا دورہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنرسندھ عمران اسماعیل کی ہدایت پر گورنر ہاؤس عوام کے لئے کھولے جانے کے فیصلہ کو عوام میں بے حد پسند کیا جارہا ہے ہر روز بڑی تعداد میں لوگ اس تاریخی عمارت کا رخ کر رہے ہیں اس ضمن میں منگل کے روز ریڈینس اسکول نارتھ ناظم آباد کے طلبہ نے بھی گورنر ہاؤس کا دورہ کیا، طلبہ کو بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے زیر استعمال کمرہ، اشیاء اور ان سے منسلک دیگر تاریخی نوادرات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا، طلبہ نے بابائے قوم سے متعلق معلومات میں اپنی بھرپور دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے خوشگوار حیرت کا اظہاربھی کیا۔ بعد ازاں طلبہ کو گورنرہاؤس کے پارک میں واقع تاریخی فواروں اور باغات کے بارے میں بھی آگاہی فراہم کی گئی، طلبہ کچھ دیر پارک میں کھیلے اور تاریخی عمارت کے ساتھ اپنی تصاویر یں بھی بنوائیں۔اس موقع پر اسکول کے اساتذہ کا کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس ایک تاریخی عمارت ہے اس عمارت کو پہلے گورنر جنرل آفس کا درجہ بھی حاصل رہا اور سب سے اہم بات بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے اس عمارت سے ہی ملک کا نظم و نسق چلایا،گورنرسندھ عمران اسماعیل کی جانب سے تاریخی عمارت کو عوام بالخصوص اسکول کے طلبہ کے لئے کھولے جانے سے آج دیگر لوگوں کی طرح طلبہ کو قائد اعظم ؒکے بارے میں مفید معلومات کے ساتھ ساتھ اس تاریخی عمارت کے ایک ایک پہلو کے بارے میں آگاہی حاصل ہورہی ہے بلاشبہ یہ گورنرعمران اسماعیل کا ایک قابل تحسین اقدام ہے۔ واضح رہے کہ گورنرہاؤس کی تاریخی عمارت کا اب تک ہزاروں افراد بشمول خواتین اور اسکول کے طلبہ و طالبات دورہ کرچکے ہیں اسکول کے طلبہ و طالبات کے گائیڈڈ ٹور میں انھیں بابائے قوم کے زیر استعمال کمرہ، اشیاء اور ان سے منسلک دیگر تاریخی نوادرات کے بارے میں آگاہی فراہم کی جاتی ہے۔