پولیس کے محکمے کو سیاسی دباؤ سے آزاد کیا جائے: الطاف شکور
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ پولیس کے محکمے کو سیاسی دباؤ سے آزاد کیا جائے، تمام تبادلے اور تقرریاں قواعد و ضوابط کے مطابق میرٹ پر کی جائیں تاکہ صوبہ سندھ سے جرائم پیشہ مافیاؤں کا خاتمہ ہو سکے ااور عوام اطمینان اور سُکھ کا سانس لے سکیں۔ سندھ میں حکومت نام کی کسی شے کا وجو د نہیں۔ وڈیرہ شاہی اور لُٹیرا شاہی کے گٹھ جوڑ نے عوام کوبُری طرح یرغمال بنا لیا ہے۔ کرپشن، لاقانونیت اور مشکلات و مسائل میں گھرے ہوئے عوام کا کوئی پُرسان حال نہیں۔ دو بہترین افسران ڈی آئی جی خادم حسین رنداور ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان کی خدمات وفاق کے سُپرد کرنے کا فیصلہ شرمناک ہے۔ حکومت فی الفور فیصلہ واپس لے اور اس کے علاوہ بھی صوبہ سندھ کے ایماندار اور بہترین صلاحیتیں رکھنے والے افسران کے خلاف انتقامی کاروائیاں بند کی جائیں۔ سندھ حکومت میں 80 افسران کے حالیہ کئے گئے تبادلے بھی چونکہ قوانین و ضوابط کے خلاف کئے گئے ہیں لہذا انہیں بھی واپس لیا جائے اور ان افسران کو بھی میرٹ پر کام کرنے دیا جائے تا کہ گڈ گورننس کی پاسداری کی جا سکے۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جار ی کردہ بیان میں الطاف شکور نے کہا کہ اس سے قبل بھی 3 سال تک سندھ کے آئی جی اے ڈی خواجہ جو ایک اعلی تعلیمیافتہ، بہترین اور با صلاحیت افسر تھے، کے کام میں بار بار رکاوٹیں ڈالی گئیں حتی کہ سندھ ہائی کورٹ نے حکومت کو جبری تبادلے سے روکا اور آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو اپنی سیٹ پر کام کرنے کا حکم دیا۔