کراچی، شوہرکے قتل میں ملوث بیوی 2 ساتھیوں سمیت گرفتار

  کراچی، شوہرکے قتل میں ملوث بیوی 2 ساتھیوں سمیت گرفتار

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد کے علاقے بفرزون میں شوہر کے قتل میں ملوث بیوی کو 2 ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بفرزون میں 29 اکتوبر کو ہونے والے قتل کا معمہ حل ہوگیا، پولیس نے مقتول کی بیوی کو 2 ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ 29 اکتوبر کو مقتول ریاض کی لاش گھر سے ملی تھی، بیوی نے شوہر کو ساتھیوں کے ہمراہ قتل کیا اور گھر بند کرکے فرار ہوگئی تھی۔تیموریہ انویسٹی گیشن پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول ریاض ہوٹل پر کام کرتا تھا، کرسچن خاتون نسرین عرف شمیم کو مسلمان کرکے شادی کی تھی۔پولیس کے مطابق دونوں میاں بیوی شراب نوشی کرتے تھے مقتول ریاض شراب کے نشے میں نسرین پر تشدد کرتا تھا۔تیموریہ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے اپنے ساتھی ظفر اقبال اور عبدالطیف کی مدد سے ریاض کے منہ پر تکیا رکھ کر قتل کیا اور فرار ہوگئے تھے۔ مقتول کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا تھا کہ اس کی موت دم گھٹنے سے ہوئی ہے، پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے اندھے قتل کیس کی تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔پولیس نے اطلاع ملنے پر بفرزون میں واقع خاتون کے رشتے دار کے گھر چھاپہ مار کر خاتون کو شبہ کے تحت گرفتار کیا تھا اور دوران تفتیش نسرین نے شوہر کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔خاتون نے دوران تفتیش اپنے ساتھیوں سے متعلق آگاہ کیا جس کے بعد پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کر 2 ساتھیوں کو بھی حراست میں لے لیا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر