میپکو چیف کا ڈیڈ ڈیفالٹرز کیخلاف ایکشن، کنکشنز از سر نو چیک کرنے کا حکم
ملتان (سٹاف رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر طاہر محمود نے کہا ہے کہ ڈیڈڈیفالٹرز کے کنکشنوں کی ازسرنو چیکنگ کی جائے اور تمام ایس ڈی اوز کنکشنز منقطع ہونیکے سرٹیفیکیٹس دیں۔واجبات ادانہ کرنے والی صنعتوں اور دیگر بڑے نادہندگان کے ناموں سے نصب دوسرے گھریلو اور کمرشل(بقیہ نمبر16صفحہ12پر)
صارفین بھی منقطع کئے جائیں۔ اگر کسی مستقل نادہندہ کی بجلی چلتی ہوئی پائی گئی تومتعلقہ اہلکاروں و افسران کے خلاف سخت محکمانہ ایکشن لیاجائیگا۔ وہ میپکو ہیڈ کوارٹر میں ملتان سرکل کے افسران کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان سرکل کے زیر انتظام اوورلوڈ فیڈرز کی بائفرکیشن، اپ گریڈیشن اور لوڈبیلنسنگ کی جائے تاکہ لائن لاسز کی شرح میں مزید کمی ممکن ہوسکے اور موسم گرما میں صارفین کو بلاتعطل بجلی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔انہوں نے ملتان سرکل کے تمام ایس ڈی اوز کو ہدایت کی کہ کمرشل مارکیٹوں، پلازوں اور تجارتی مراکز میں رات کے اوقات میں چیکنگ کی جائے۔ بجلی چوروں کے خلاف بلاامتیاز آپریشن کیاجائے اور جرمانے عائد کرکے وصول کئے جائیں۔ فیلڈ افسران صارفین کی شکایات کے فوری ازالہ کو اپنا شعار بنائیں۔ افسران صارفین کی شکایات کے ازالہ پر توجہ دیں اور کم سے کم وقت میں شکایات کا ازالہ یقینی بنایاجائے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا کہ افسران رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرز سے ریکوری، لائن لاسز میں کمی کے اہداف حاصل کریں اور دو ماہ سے زائد عرصہ والے ڈیفالٹرز کے کنکشنز فوری طورپر منقطع کریں اور ان کے ٹرانسفارمرز اتارکر سٹورز میں جمع کروائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ خراب اور جلنے والے میٹرز اُتارکر ایم اینڈ ٹی لیبارٹری بھجوائے جائیں اور نئے کنکشنز کی فراہمی ممکن بنائی جائے۔ سپریٹنڈنگ انجینئر میپکو ملتان سرکل میاں محمد انور نے سرکل کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔جنرل منیجر آپریشن میپکو انجینئر ناصررشید نے کہا کہ ڈیفالٹرز خواہ وہ کسی بھی کیٹگری کے ہوں ان کے خلاف بلاامتیاز آپریشن کئے جائیں۔ جنرل منیجر نے ایکسین موسیٰ پاک ڈویژن ملک محمد اشفاق کی کارکردگی کو سراہا اور ایس ڈی او حسن آبادسب ڈویژن کو کمرشل صارفین سے رقوم وصول کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ کریشن مینٹی نینس پروگرام کے تحت جنوری 2020ء کے اختتام تک تمام فیڈرز کی مرمت کا کام مکمل کیاجائے اور ٹرپنگ کی شرح پر قابو پانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ا جلاس میں جنرل منیجر ٹیکنیکل رانا عبدالستار،ڈائریکٹرجنرل آئی ایس میاں ندیم احمد، ڈائریکٹرکمرشل رفیق عابد، ڈپٹی کمرشل منیجر ارشاد حسین سیال، انچارج ریجنل کمپلینٹ سنٹر عرفان صدیقی، ڈپٹی ڈائریکٹرٹیکنیکل ملتان سرکل ارشدمنیر ڈاہا، ایکسین کینٹ ڈویژن محمد علی یاسر، ایکسین سٹی ڈویژن رانا محمد تنویر، ایکسین شاہ رکن عالم ڈویژن محمد وسیم اختر، ایکسین موسیٰ پاک ڈویژن محمد اشفاق اعوان، ایکسین شجاع آبادڈویژن طارق ڈار، سرکل کے تمام ایس ڈی او ز اور ریونیو آفیسرز بھی موجود تھے۔