پی آئی سی حملہ کیس،ہسپتال پر حملہ بدقسمتی ہے ،ملک میں کسی ایڈونچر کی گنجائش نہیں ، لاہورہائیکورٹ،ہوم سیکرٹری ،آئی جی پنجاب ،ایڈووکیٹ جنرل سمیت وکلا کو چیمبر میں بلالیا

پی آئی سی حملہ کیس،ہسپتال پر حملہ بدقسمتی ہے ،ملک میں کسی ایڈونچر کی گنجائش ...
پی آئی سی حملہ کیس،ہسپتال پر حملہ بدقسمتی ہے ،ملک میں کسی ایڈونچر کی گنجائش نہیں ، لاہورہائیکورٹ،ہوم سیکرٹری ،آئی جی پنجاب ،ایڈووکیٹ جنرل سمیت وکلا کو چیمبر میں بلالیا

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہورہائیکورٹ نے پی آئی سی حملہ کیس میں گرفتاروکلاکی رہائی اورگھروںپر چھاپوں کیخلاف کیس میںریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ ہسپتال پر حملہ بدقسمتی ہے ،ملک میں کسی ایڈونچر کی گنجائش نہیں ، جس نے کیا اسے خمیازہ بھگتناچاہئے جس نے نہیں کیااسے کیوں تنگ کیاگیا؟۔عدالت نے ہوم سیکرٹری آئی جی پنجاب ایڈووکیٹ جنرل کو چیمبر میں طلب کرلیا،عدالت نے 3سینئر وکلا کو بھی چیمبر میں طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہورہائیکورٹ میں گرفتاروکلاکی رہائی اورگھروںپر چھاپوں کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی،جسٹس مظاہر علی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی،عدالتی حکم پر آئی جی پنجاب ذاتی حیثیت میں پیش ہو گئے،سی سی پی اولاہور، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب جمال احمد بھی عدالت پیش ہوئے،احسن بھون ایڈووکیٹ نے کہاکہ گرفتاروکلا کوتشدد کانشانہ بنایا گیا،وکلا کے چہروں پرنقاب چڑھا کرپیش کیا گیا،ریس کورس پارک میں بیٹھے وکلاکوگرفتارکرکے تشدد کیاگیا،احسن بھون نے کہا کہ عوام الناس سے بھی معافی مانگی ہے۔

آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس قانون کے مطابق کارروائی کررہی ہے، تفتیش کو طے شدہ معیار کے مطابق کیا جارہا ہے، کسی گروہ کو پولیس نے ٹارگٹ نہیں کیا۔عدالت نے کہاکہ ہسپتال پر حملہ بدقسمتی ہے ،ملک میں کسی ایڈونچر کی گنجائش نہیں ،گرفتاروکلا کے چہرے ڈھانپ کر عدالت پیش کرنے کی کیا ضرورت تھی،آئی جی نے کہا کہ پورے ہسپتال میں سی سی ٹی وی کیمرے موجود نہیں ،جوافراد موقع سے پکڑے گئے صرف ان کیخلاف کارروائی کی گئی۔ عدالت نے کہا جس نے کیا اسے خمیازہ بھگتناچاہئے جس نے نہیں کیااسے کیوں تنگ کیاگیا؟عدالت نے استفسار کیاکہ کیا پی آئی سی کے سامنے پولیس نے جانے کی اجازت دی تھی ۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس نے ایسی کواجازت نہیں دی ۔

عدالت نے استفسار کیا کتنے افراد اس واقعہ میں جاں بحق ہوئے،ہوم سیکرٹری نے کہا کہ اس واقعہ میں 3افراد جاں بحق ہوئے ،عدالت نے ہوم سیکرٹری آئی جی پنجاب ایڈووکیٹ جنرل کو چیمبر میں طلب کرلیا،عدالت نے 3سینئر وکلا کو بھی چیمبر میں طلب کرلیا۔

مزید : قومی /علاقائی /پنجاب /لاہور