سنگاکارا کی قیادت میں میریلیبون کرکٹ ٹیم کب پاکستان آئے گی؟ ایک اور شاندار خوشخبری آ گئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سری لنکا کے لیجنڈ بلے باز کمار سنگاکارا کی قیادت میں میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کی ٹیم فروری 2020ءمیں پاکستان کا دورہ کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان نے ایک پریس کانفرنس میں ایم سی سی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی تصدیق کی ہے۔
وسیم خان نے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ شروع ہونے سے دو روز قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے مزید کہا کہ اس دورے سے متعلق مزید تفصیلات سے جنوری میں آگاہ کیا جائے گا۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سری لنکا کے تمام سینئر کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان میں موجود ہے جبکہ اگلے سال مارچ میں جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا بھی قوی امکان ہے۔