ایپل کی جانب سے متعارف کروائے جانے والے اس سکرین سٹینڈ کی قیمت کتنے لاکھ روپے ہے؟ جان کر کسی کو بھی یقین نہ آئے
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) ایپل نے گزشتہ دنوں ہونے والی ورلڈ وائیڈ ڈویلپرز کانفرنس 2019ءمیں 50ہزار ڈالر(تقریباً77لاکھ 68ہزار روپے) مالیت کا کمپیوٹر ’میک پرو‘ متعارف کروایا۔ اس کے ساتھ 5ہزار ڈالر (7لاکھ 75ہزار روپے) کی کمپیوٹر سکرین متعارف کروائی گئی اور وہ بھی سٹینڈ کے بغیر۔ سٹینڈ کی الگ سے حیران کن طور پر1ہزار ڈالر (تقریباً 1لاکھ 55ہزار روپے)قیمت رکھی گئی۔ دنیا بھر میں ایپل کے صارفین کمپیوٹر، سکرین اور بالخصوص سٹینڈ کی اس قیمت پر سر پکڑ کر بیٹھ گئے کہ ایک عام سا دھات کا ٹکڑا جس کا کام محض سکرین کو سہارا دینا ہے، اس کی قیمت اتنی زیادہ کیسے ہو سکتی ہے۔اس سے بھی اہم بات یہ کہ ٹی وی ہو یا کمپیوٹر سکرین، سٹینڈ تو اس کے ساتھ ہی لگا لگایا ملتا ہے، ایپل نے یہ سٹینڈ الگ سے فروخت کرنے کی روایت کیوں ڈال دی؟
بزنس انسائیڈر کے مطابق دنیا بھر سے ایپل کی طرف سے سٹینڈ کی اتنی زیادہ قیمت رکھے جانے پر شدید ردعمل سامنے آیا جس پر ایپل کے ذمہ داران کو اپنی غلطی کا احساس ہوا اور انہوں نے اپنی ویب سائٹ پر ایک بلاگ کی صورت میں اس کی تصحیح کر دی۔ کمپنی کی طرف سے بتایا گیا کہ ان کی ٹیم کی طرف سے کانفرنس میں ان اشیاءکو پیش کرتے ہوئے غلطی کی گئی۔ انہیں یہ بتانا چاہیے تھا کہ کمپیوٹر سکرین 6ہزار ڈالر کی ہے لیکن اگر کوئی اسے سٹینڈ کے بغیر خریدنا چاہے تو اسے 1ہزار ڈالر کی رعایت کی جائے گی۔ تاہم ٹیم کے لوگوں نے اسی بات کو دوسرے لفظوں میں بتایا جس پر لوگوں کا ردعمل آنا قابل فہم ہے۔ کمپنی کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ بعض لوگوں کے پاس پہلے ہی سکرین کا سٹینڈ ہوتا ہے اور انہیں نئے سٹینڈ کی ضرورت نہیں ہوتی، چنانچہ کمپنی نے ایسے لوگوں کے پیسے بچانے کے لیے سٹینڈ کو سکرین سے الگ فروخت کرنے کا فیصلہ کیاتاکہ وہ صرف سکرین خریدسکیں اور ان کو 1ہزار ڈالر کی بچت ہو جائے۔کمپیوٹر کی قیمت کے بارے میں بھی معلوم ہوا ہے کہ اس کمپیوٹر کی ابتدائی قیمت 5ہزار ڈالر ہے تاہم ایپل نے صارفین کو موقع فراہم کیا ہے کہ وہ کمپیوٹر کی ہارڈ ڈسک اور ریم (RAM)کو بڑھا سکتے ہیں۔ اگر کوئی صارف سب سے بڑی ہارڈ ڈسک اور ریم لگواتا ہے، تب کمپیوٹر کی قیمت 50ہزار ڈالر تک پہنچے گی۔