10 سال بعد گمشدہ مرد بیگم کے فریزر سے دریافت

10 سال بعد گمشدہ مرد بیگم کے فریزر سے دریافت
10 سال بعد گمشدہ مرد بیگم کے فریزر سے دریافت

  



اوٹاوا(مانیٹرنگ ڈیسک) کینیڈا میں ایک 75سالہ خاتون کی موت واقع ہو گئی۔ جب پولیس اس کے گھر پہنچی تو فریزر سے ایسی چیز نکل آئی کہ پولیس والوں کے بھی اوسان خطا ہو گئے۔ میل آن لائن کے مطابق کینیڈین دارالحکومت اوٹاہ کی جینی سورون میتھرز نامی یہ خاتون گزشتہ 11سال سے اکیلی رہ رہی تھی۔ 2009ءمیں اس کا شوہر اچانک غائب ہو گیا اور اس نے ہمسایوں کو بتایا کہ اس کا پاﺅل ایڈورڈ میتھرز نامی 69سالہ شوہر اس سے ناراض ہو کر اسے چھوڑ کر کہیں چلا گیا ہے۔ تاہم خاتون کی موت کے بعد یہ حقیقت کھلی کہ اس کا شوہرکہیں گیا نہیں تھا بلکہ اس کی2009ءمیں موت ہو گئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق پولیس جب ہمسایوں کے اطلاع دینے پر اس خاتون کے گھر گئی اور تلاشی لی تو فریزر سے اس کے شوہر کی لاش برآمد ہو گئی، جو اس نے 11سال سے فریزر میں ڈال رکھی تھی۔ پولیس کے مطابق خاتون نے یہ حرکت اس لیے کی تاکہ وہ اپنے شوہر کی ’بڑھاپا پنشن‘ وصول کر سکے۔ شوہر کی موت کے بعد اپنی موت تک خاتون اپنے شوہر کی پنشن لیتی رہی تھی۔ اس عرصے میں اس نے کل 1لاکھ 77ہزار ڈالر وصول کیے۔ گھر سے پولیس کو ایک خط بھی ملا جس نے اس واقعے کو ایک اور رخ بھی دے دیا۔ یہ خط خاتون کے شوہر کی طرف سے لکھا گیا تھا۔ اس میں درج تھا کہ میری موت میں میری بیوی کا کوئی کردار نہیں ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ”ممکنہ طور پر اس شخص کی موت فریزر میں بند ہونے کی وجہ سے ہوئی۔ خط میں مزید باتیں بھی لکھی ہیں تاہم ابھی ہم انہیں افشا نہیں کرنا چاہتے۔ کیس کی تحقیقات کے بعد وہ باتیں سامنے لائی جائیں گی۔“

مزید : ڈیلی بائیٹس