پولیس کے ساتھ تعاون کا شک، چور بیوی نے اپنے ہی شوہر کے پیچھے کرائے کے قاتل لگا دئیے
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں ایک خاتون چور کو شک گزرا کہ اس کا شوہر اس کے خلاف پولیس سے تعاون کر رہا ہے۔ اس پر خاتون نے اپنے شوہر کے پیچھے کرائے کے قاتل لگا دیئے تاکہ اس کی زبان بند کی جا سکے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق 44سالہ منجولا عرف کلا منجی نامی یہ خاتون کئی ڈکیتیوں اور چوریوں کی وارداتوں میں مطلوب ہے۔ پولیس نے اس کے خلاف تحقیقات شروع کیں اور اس کے شوہر سے بھی پوچھ گچھ کر رہی تھی۔ منجولا کو شک گزرا کہ اس کا شوہر پولیس کو اس کے متعلق بتا رہا ہے جس پر اس نے کرائے کے قاتلوں سے اس پر قاتلانہ حملہ کروا دیا۔
رپورٹ کے مطابق خاتون کا 45سالہ شیکھر نامی شوہر اپنی موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ کرائے کے قاتلوں نے کار کی ٹکر مار کر اسے گرا دیا اور اتر کرخنجروں سے اس پر حملہ کر دیا تاہم شیکھر شدید زخمی ہونے کے باوجود بھاگ کر اپنی جان بچانے میں کامیاب ہوگیا۔ قریبی عمارت میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے نے یہ حملہ محفوظ کر لیا اور اس کی فوٹیج کو دیکھ کر پولیس حملہ آوروں کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئی۔ جب ان سے تفتیش کی گئی تو انہوں نے اعتراف کر لیا کہ انہیں شیکھر کی بیوی منجولا نے اسے قتل کرنے کی سپاری دی تھی۔ پولیس نے ان چار حملہ آوروں کے اس اعتراف کے بعد منجولاکو بھی گرفتار کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ منجولا کو رواں سال اپریل میں چار ساتھی ڈاکوﺅں کے ہمراہ گرفتار کیا گیا تھا اور ان کے قبضے سے 1کلوگرام سونا برآمد ہوا تھا جو انہوں نے مختلف جگہوں سے لوٹا اور چوری کیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ منجولا کا بچپن میسور میں گزرا۔ بچپن سے ہی اسے چوری کی عادت پڑ گئی۔ وہ ہمسایوں اور رشتہ داروں کے زیورات اور قیمتی چیزیں چرالیا کرتی تھی۔ لڑکپن میں وہ ایک شادی میں شریک ہوئی اور وہاں سوٹ کیس سے زیورات چوری کرتے ہوئے پکڑی گئی جس پر اسے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ اسے جیل کی سزا ہوئی جہاں اس کے رابطے دیگر جرائم پیشہ لوگوں سے ہوئے اور وہ منجولا سے کلا منجی (کلامنجی سنسکرت کے الفاظ ہیں جن کے معنی ’چالاک چور‘ کے ہیں)بن کر نکلی اور باقاعدہ وارداتیں کرنے لگی۔