”احمد شہزاد اور عمر اکمل ٹی 20 کے اچھے کھلاڑی ہیں اور۔۔۔“ مصباح الحق نے ایسا کیوں کہا؟

”احمد شہزاد اور عمر اکمل ٹی 20 کے اچھے کھلاڑی ہیں اور۔۔۔“ مصباح الحق نے ایسا ...
”احمد شہزاد اور عمر اکمل ٹی 20 کے اچھے کھلاڑی ہیں اور۔۔۔“ مصباح الحق نے ایسا کیوں کہا؟

  



کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ ٹیم میں ان کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے گا جن کی ضرورت ہو گی جبکہ احمد شہزاد اور عمر اکمل ٹی 20 فارمیٹ کے اچھے کھلاڑی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ پاکستان ٹیم کی فاسٹ باﺅلنگ کا شعبہ محنت کا متقاضی ہے اور ہمیں نتائج کیلئے حریف ٹیم کو دو مرتبہ آؤٹ کرنے کی صلاحیت درکار ہے، دورہ آسٹریلیا میں یہ اچھی بات رہی کہ ہماری بیٹنگ لائن میں بہتری آئی جبکہ بابراعظم نے خود کو تسلیم کروایا۔

قومی ٹیم کے فاسٹ باﺅلرز محمد عامر اور وہاب ریاض کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بارے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ فاسٹ باﺅلر پر بہت محنت کی جاتی ہے اور کثیر سرمایہ کاری ہوتی ہے، ضرورت کے وقت ٹیم کو چھوڑ کر جانا درست نہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اس ضمن میں موثر پالیسی مرتب کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دوہری ذمہ داری سے فرق نہیں پڑتا، ٹیم کی خامیاں پرانی ہیں جنہیں سدھارنے کی کوشش کر رہے ہیں، مستقبل بنیادوں پر طویل المدتی منصوبے پر کام کر رہا ہوں اور اپنی تمام تر توانائی ٹیم کی بہتری پر لگانے کی کوشش کررہا ہوں، کسی معاملے میں جلد بازی نہیں کر سکتے اور ایک ہی وقت میں 16 کھلاڑی بھی نہیں کھلا سکتے، اس لئے جگہ بنانے کیلئے کھلاڑیوں کو انتظار کرنا ہوگا کیونکہ فارم والے کھلاڑی کو ہٹا کر کسی اور کو نہیں کھلا سکتے، زیادہ کرکٹ کھیلنے سے زیادہ مواقع میسر آ تے ہیں۔

کراچی ٹیسٹ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ مکی آرتھر کے حریف ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں ہماری بیٹنگ نے بہتر پرفارم کیا اور اچھا باﺅلنگ اٹیک بھی ملا، سری لنکا کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں سپورٹنگ وکٹ کی حمایت کی جو فاسٹ باﺅلرز کی مدد کرے گی البتہ حتمی ٹیم کافیصلہ میچ سے قبل ہی کریں گے۔

مزید : کھیل