قطر ٹی 10 میں شریک پاکستانی سے تحقیقات شروع مگر کیوں؟ اندرونی کہانی سامنے آ گئی
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اینٹی کرپشن یونٹ نے قطر ٹی 10 لیگ میں شریک پاکستانی کھلاڑی سے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی اس کی تصدیق کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کا کہنا ہے کہ حال ہی میں ہونے والی قطر ٹی 10 لیگ میں ایک پاکستانی کرکٹر سے مبینہ بکی کی جانب سے رابطہ کیا گیا تھا تاہم کرکٹر نے پی سی بی کو اس کی رپورٹ کردی تھی۔پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان نے کراچی میں پریس کانفرنس میں اس بات کی تصدیق کی کہ قطر ٹی 10 لیگ کے دوران پاکستان کے ایک کرکٹرز سے مبینہ کرپشن کیلئے رابطہ کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑی نے اس کی رپورٹ پی سی بی کے اینٹی کرپشن رپورٹ کو کردی تھی اور پی سی بی نے اس سے آئی سی سی کو آگاہ کیا۔وسیم خان نے رپورٹ کرنے والے پلیئر کا نام ظاہر کرنے سے گریز کیا تاہم ذرائع کا دعوی ہے کہ ایک سابق فاسٹ باﺅلر سے اس سلسلے میں تحقیقات ضرور کی جارہی ہیں۔
اس سے قبل آئی سی سی کے اینٹی کرپشن آفیسر ایلکس مارشل بھی کہہ چکے ہیں کہ قطر ٹی 10 لیگ کے معاملات کی تحقیقات ہورہی ہیں۔آئی سی سی کو معاملات پر شک تھا اور اس نے قطر ٹی 10 لیگ کے دوران کچھ گڑبڑ پکڑیں اور کرپشن کی کوششوں کو ناکام بنایا تھا، اس سلسلے میں تحقیقات کے دائرے کو وسیع کردیا گیا ہے۔