"اس وقت 28 سیاستدانوں کی جان کو خطرہ ہے" وفاقی وزیرداخلہ نے خبردار کر دیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیرداخلہ نے متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت 28سیاستدانوں کی جان کو خطرہ ہے، اسلام آباد کی دو تین اہم عمارتوں کو بھی دہشت گردی کا خطرہ ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت دہشت گردی کا خطرہ ہے، دہشت گرد 28سیاستدانوں کے علاوہ اسلام آباد کی دو اہم عمارتوں کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ آج بھی دہشت گردوں کا بڑا گروپ پکڑا ہے جس کی ابھی تفصیل نہیں بتا سکتا، ان سے تفتیش کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بے نظیر کو بھی منع کیا گیا تھا کہ پاکستان نہ جاؤ لیکن وہ باز نہیں آئی تھی۔
وفاقی وزیرداخلہ نے اپوزیشن کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا نوازشریف نے لندن جاکر اپنی زندگی کا سب سے بڑا سیاسی بلنڈر کیا ہے، حکومت کی پوری کوشش ہے کہ نوازشریف کو واپس لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن اکٹھے استعفے دے گی وقتی طورپر مشکل تو پیش آئے گی لیکن مجھے لگتا ہے یہ نوبت نہیں آئے گی اور ایک دو ماہ میں معاملات سیٹ ہو جائیں گے۔ اگر استعفے دیئے تو6 ماہ تک تو منظور کرنے کا معاملہ لٹکایا جاسکتا ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اگر استعفوں کا معاملہ ہوا تو پھر 'ن' سے 'ش' نکل جائے گی۔ کیونکہ جو استعفے دیں گے وہ 'ن' لیگ کے ہوں گے اور جو استعفے نہیں دیں گے وہ 'ش' کے لوگ ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن استعفے دے کر بہت بڑا رسک لے رہی ہے۔