راولپنڈی انتظامیہ کا حکم، آئل ٹینکرز کی ہڑتال!

راولپنڈی انتظامیہ کا حکم، آئل ٹینکرز کی ہڑتال!

  

شمالی ر یجن میں آل پاکستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے راولپنڈی انتظامیہ کے فیصلے کے خلاف ہڑتال کر دی۔ اطلاعات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی کے پٹرول پمپوں کے لئے پٹرولیم سپلائی رُک گئی ہے، جس کی وجہ سے جڑواں شہروں اور نواحی علاقوں میں پٹرولیم کی قلت سے بحران پیدا ہو گا۔ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری کے مطابق راولپنڈی انتظامیہ نے بلا مشاورت یک طرفہ حکم دیا ہے کہ دن کے وقت آئل ٹینکر شہر میں داخل نہیں ہوں گے،اِس سے نئی صورتِ حال پیدا ہو گئی کہ رات کے وقت پٹرولیم لینا اور شہر میں مہیا کرنا ممکن نہیں،انہوں نے کہا کہ جب تک پہلے اوقات کار بحال نہیں ہوتے،ہڑتال جاری رہے گی۔ خبروں میں یہ نہیں بتایا گیا کہ اِس ہڑتال کے حوالے سے کوئی بات چیت ہوئی یا نہیں،بہرحال یہ طے ہے کہ آئل ٹینکروں کے باعث اسلام آباد اور راولپنڈی میں پٹرولیم سپلائی رُکی رہی تو بحران کی کیفیت ہو گی اور صارفین پریشان ہوں گے۔راولپنڈی انتظامیہ نے بھی پرانا طریقہ اختیار کیا اور ٹینکروں کو ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ قرار دے کر ٹرکوں کی طرح ان کو بھی دن میں داخلے سے منع کر دیا۔ یہ فیصلہ ٹینکرز ایسوسی ایشن کی طرف سے یکطرفہ قرار دیا گیا۔ یہ مناسب رویہ نہیں، اگر انتظامیہ ایسے معاملات میں متعلقہ فریق کو  بُلا کر مشورہ کرے تو کیا حرج ہے۔ اب بھی نمائندہ وفد سے بات کر کے اس مسئلہ کا حل جلد تلاش کرنا چاہئے کہ ہڑتال زیادہ عرصہ نہ چلے۔

مزید :

رائے -اداریہ -