اپوزیشن تحریک سے حکومت بوکھلاہٹ کا شکارہے،نوید بھٹی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے سیکرٹری ریکارڈ اینڈ ایونٹس نوید بھٹی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی تحریک سے وفاقی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری کے دلدل میں دھکیلنے والی پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے دن کے نزدیک ہیں۔بلاول بھٹو زرداری اپنے جرات مندانہ موقف کی وجہ سے عوام کے مقبول ترین لیڈر بن چکے ہیں۔اپنے جاری بیان میں نوید بھٹی نے کہا کہ پی ڈی ایم کے لاہور میں کامیاب جلسے نے ایک تاریخ رقم کی ہے۔حکومتی ترجمان جلسے کو ناکام قرار دے کر اپنی خفت مٹانے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی تحریک اپنے منطقی انجام تک پہنچے گی اور جعلی حکمرانوں کو گھر کا راستہ دکھایا جائے گا۔بلاول بھٹو زرداری اس تحریک میں عوام کے حقیقی رہنما بن کر ابھرے ہیں۔اپنے واضح اور جرات مندانہ موقف کی وجہ سے ملک بھر میں جمہوریت پسندوں کی توانا بن گئے ہیں۔انہوں نے ثابت کیا ہے کہ وہ شہید بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کے حقیقی وارث ہیں۔نوید بھٹی نے کہا کہ وفاقی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک اس وقت تباہی کی جانب گامزن ہے۔اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے اس بات کا تہیہ کرلیا ہے کہ عوام کو حقوق دلانے کے لیے ان حکمرانوں سے چھٹکارا حاصل کرنا انتہائی ضروری ہے۔سلیکٹڈ حکومت کی گھر واپسی اب چندمہینو ں کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے کارکن ہر مرتبہ کی طرح اپنی لیڈر شپ کے ساتھ ہیں اور لانگ مارچ میں شرکت کے لیے تیار ہیں۔