احتجاجی جلسے چائے کی پیالی میں طوفان ہیں، خرم شیر زمان

     احتجاجی جلسے چائے کی پیالی میں طوفان ہیں، خرم شیر زمان

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ بلاول زرداری کی جانب سے دمادم مست قلندر کی دھمکیاں  مزاحقہ خیز ہیں۔ پی ڈی ایم کے احتجاجی جلسے چائے کی پیالی میں طوفان کے مترادف ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان سے استعفے کا مطالبہ کرنے والے سینیٹ الیکشن میں ممکنہ شکست سے خوفزدہ ہیں۔ والدین کی منی لانڈرنگ اور کرپشن کا تحفظ کرنے کے لئے نکلے ہوئے بچے مایوسی کے ساتھ گھر لوٹیں گے۔ کرپٹ الائنس کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو وزیر اعظم بننے کے خواب دکھا کر مریم صفدر اور بلاول زرداری میدان میں اکیلا چھوڑ جائیں گے۔ مولانا فضل الرحمان اپنے اثاثوں کی تفصیل منظر عام پر آنے کے بعد منہ چھپاتے پھر رہے ہیں،مولانا صاحب کو ان سب کا حساب دینا ہوگا۔ اپنے جاری کردہ بیان میں خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ ملک کو بچانا ہے تو کرپشن کے خلاف جنگ کرنی ہوگی۔کرپشن کے خلاف ہماری حکومت کا موقف بالکل واضح ہے۔ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں کوئی چور اور ڈاکو بلیک میلنگ کے ذریعے این آر او نہیں لے سکتا۔ بلاول زرداری جتنا جلدی ہو سکے سندھ حکومت کی قربانی دے دیں۔سندھ کے عوام صوبائی حکومت کی ناقص طرز حکمرانی اور کرپشن سے تنگ آچکے ہیں۔ سندھ کے عوام کی جانب سے صوبائی حکومت کی نا قص کارکردگی پر شدید ردعمل دیکھنے میں آرہا ہے۔  خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کوختم کرنا ناگیزر ہے۔ شو آف ہینڈ کے ذریعے سینیٹ انتخابات کروانے کے لئے حکومت کوششیں کررہی ہے۔ انتخابات میں شفافیت کی طرف پیش قدمی پی ٹی آئی حکومت کے لئے ایک بڑی کامیابی ہوگی۔ وزیر اعظم ملک کو ترقی کی طرف لے کر جارہے ہیں جس کا اعتراف بین الاقوامی سطح پر بھی کیا جارہا ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے موثر اقدامات اٹھا رہی ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -