بینظیر بھٹو کے مزار پر حاضری دوں گی، ذاتی مفادات کیلئے آئین بلڈوز نہیں کرنے دینگے، جو چاہے کر لیں حکومت نہیں بچے گی: مریم نواز

      بینظیر بھٹو کے مزار پر حاضری دوں گی، ذاتی مفادات کیلئے آئین بلڈوز نہیں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور (جنرل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سینیٹ انتخابات ایک ماہ پہلے کرانے کا اعلا ن غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا ہے عمران خان ایف بی آر اور ایف آئی اے کے بعد چیئرمین الیکشن کمیشن بھی خود ہی بن بیٹھے ہیں۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا جو چاہے کرلیں، حکومت نہیں بچے گی۔ اپنے پارلیمنٹرینز پر اعتبار نہیں رہا تو ان کو شو آف ہینڈ نظر آگیا، طریقہ کار کی تبدیلی کیلئے آئین میں ترمیم ضروری ہے۔ آرڈیننس کا مطلب پار لیمنٹ کو بلڈوز کرنا ہوگا۔ ذاتی مفادات کیلئے آئین کا حلیہ بگاڑنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ کتوں سے کھیلنا اور بات، اداروں سے کھیلنا خطر ناک ہے۔ اپوزیشن کے استعفوں پر الیکشن کرانے کی باتیں محض دھمکیاں ہیں۔ ہم چوڑیاں پہن کر نہیں بیٹھیں گے۔ ہم آپ کی دھمکیو ں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔مریم نواز نے الزام عائد کیا کہ جعلی حکومت پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں دباؤ ڈال رہی ہے، الیکشن کمیشن کو فارن فنڈنگ کیس کو بھی دیکھنا چاہیے۔ سیاست کے سارے طریقے جانتی ہوں، یہ کوئی خالہ جی کا گھر نہیں کہ آپ ضمنی الیکشن کا اعلان کریں گے تو تسلیم کر لیں گے۔سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی برسی میں شرکت کیلئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے خصوصی فون کیا تھا،پوری کوشش ہوگی  گڑ ھی خدا بخش میں بینظیر بھٹو کے مزار پر حاضری دوں۔ مسلم لیگ (ن) کی تاریخ ہے، مشکل وقت کے باوجود نواز شریف کی قیادت میں ہم متحد ہیں، مسلم لیگ (ن) کو دونوں ہاتھوں سے سلام پیش کرتی ہوں۔ بلاول اور شہباز شریف ملاقات کے حوالے سے جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہے۔ اگر پی ڈی ایم استعفوں کا فیصلہ کریگی تو شہباز شریف ساتھ ہوں گے۔ مفروضوں پر کوئی بات نہیں کروں گا۔ یہ مفروضوں پر اپنا بیانیہ زندہ رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ایک سوالکے جواب میں ان کا کہنا تھا کیا میاں صاحب کے صحتمند ہونے پر اعتراض ہے؟ کیا وہ پیزا نہیں کھا سکتے؟قبل ازیں نائب صدر مسلم لیگ(ن)مریم نواز نے لاہور کے ایم این ایز،ایم پی ایزمیئر اور ڈپٹی میئرز کے اعزاز میں ظہرانہ دیا اور13دسمبر کو لاہور کے تاریخی جلسے کی کامیابی پر قائد نواز شریف اور صدر شہباز شریف کی طرف سے تمام عہدیداران کو شاباش اور مبارکباد دیتے ہوئے انکی کاوشوں کو سراہا، مریم نواز کا مزید کہنا تھا آپ سب پارٹی کا سرمایہ ہیں، جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے تمام ایم این ایزایم پی ایزمیئر اور ڈپٹی میئرز نے انتھک محنت کی۔ ظہرانے میں شریک مسلم لیگ(ن)کے تمام عہدیداروں نے قائد نوازشریف کے بیانیہ ووٹ کو عزت دو کا علم بلند رکھنے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا اعادہ کیا۔
مریم نواز

مزید :

صفحہ اول -