رکن قومی اسمبلی علی وزیر راہداری ریمانڈ منظور ہونے پر سندھ پولیس کے حوالے
پشاور(آئی این پی) گرفتار رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو راہداری ریمانڈ منظور ہونے پر سندھ پولیس کے حوالے کردیا گیا۔وزیرستان سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی کو گزشتہ روز پشاور کے تھانہ شرقی کے اہلکاروں نے گرفتار کیا تھا۔علی وزیر کے خلاف ملک مخالف تقریر پر کراچی میں مقدمہ درج ہوا تھا اور سندھ پولیس نے محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کو ان کی گرفتاری کی درخواست کی تھی۔چنانچہ گزشتہ روز انہیں جوڈیشل مجسٹریٹ نورالحق کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں جوڈیشل میجسٹریٹ نے سندھ پولیس سے اصل کاغذات منگوائے اور کہا کہ علی وزیر کو قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد سندھ پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔عدالتی حکم کے مطابق کراچی میں علی وزیر کو متعلقہ علاقہ مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔رپورٹس کے مطابق بعدازاں سندھ پولیس علی وزیر کو لے کر پشاور سے اسلام آباد روانہ ہوگئی جہاں انہیں بذریعہ ہوائی جہاز کراچی منتقل کیا جائے گا۔
علی وزیر