پیپلز پارٹی نے گڑھی خدا بخش بھٹو جلسے کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی 

  پیپلز پارٹی نے گڑھی خدا بخش بھٹو جلسے کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ نے شہید بینظیر بھٹو کی 13 ویں برسی کے  حوالے سے 27 دسمبر کو گڑھی خدا بخش بھٹو میں ہونے والے جلسہ عام کے شیڈول اور انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ جب تک وزیراعظم عمران خان استعفیٰ نہیں دیتے اور ملک میں قبل از وقت انتخابات نہیں ہوتے ا س وقت تک پی ڈی ایم کی یہ جدوجہد جاری رہے گی۔عوام کی خاطر ہمیں اگر سندھ حکومت کی قربانی دینی پڑی تو ہم اس کے لیے تیار ہیں۔ ان خیالات کا انہوں نے جمعرات کو صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر شاہ،  وقار مہدی، عاجز دھامراہ کے ہمراہ سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔نثار کھوڑو نے کہا کہ شیڈول کے تحت 27 دسمبر کو گڑھی خدا بخش بھٹو میں جلسہ دوپہر دو بجے ہوگا جلسے کی بھرپور تیاریاں کی جا رہی ہے اور برسی کے جلسے میں پی ڈی ایم کی قیادت کو شرکت کی دعوت دے دی گئی ہے اور وہ شرکت کرینگے۔انہوں نے کہا کہ جلسے میں 5.20 منٹ پر شہید بینظیر کی شہادت کے وقت دعا ہوگی۔ نثار کھوڑو نے کہا کے شیخ رشید کی جانب سے پیپلز پارٹی کے لئے گیٹ 4 کی پیداوار نہ ہونے کا اعتراف کرکے یہ ثابت کردیا ہے کے پی ٹی آئی گیٹ 4 کی پیداوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ گڑھی خدا بخش بھٹو کا جلسہ وفاقی حکومت کے تابوت میں ایک اور کیل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے کامیاب جلسوں نے حکومت کا حال کھسیانی بل کھمبا نوچے کے مترداف کردیا ہے۔نثار کھوڑو نے کہا کے کامیاب جلسوں کی وجہ سے خوفزدہ ہوکر وفاقی وزرا کورونا کی آڑ میں جلسوں پر پابندی کے بیانات دینے میں مصروف ہیں،وفاقی حکومت کچھ بھی کرلے عوام پی ٹی آئی سرکار کے اس ڈھونگ کو جان چکی ہے اس لئے اب عوام رکنے والی نہیں ہے۔ نثار کھوڑو نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان استعفیٰ دیں اور ملک میں قبل از وقت شفاف انتخابات کرائے جائیں۔ انہوں نے کہا کے ملک میں الیکشن کمیشن آزاد نہیں ہے اس لئے الیکشن کمیشن کو آزاد ہونا چاہیے اور ووٹ سے خیانت نہ ہو۔اگر الیکشن کمیشن آزاد نہیں ہوا تو ملک بھونچال میں رہے گا۔ ایک سوال کے جواب میں نثار کھوڑو نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سینیٹ کے انتخابات فروری میں کرانے کی باتیں کرکے ایک شوشاچھوڑا ہے، وفاقی حکومت نے ا س حوالے سے ریفرنس عدالت کو بھیجا ہے کیا ہے تاہم عدالت نے تاحال کوئی فیصلہ نہیں دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو فروری یا مارچ میں سینیٹ انتخابات ہونے کی باتوں سے کوئی پریشانی نہیں ہے  تاہم وفاقی حکومت کی جانب سے سینیٹ انتخابات شو آف ہینڈکے ذریعے ہونے کی بات ان کا اپنے ہی ارکان اسمبلی پر عدم اعتماد کا اظہار ہے۔نثار کھوڑو نے کہا کہ وزیراعظم کو یہ علم ہے کہ ان کے اراکین اسمبلی ان سے ناراض ہیں اگر سیکریٹ ووٹنگ ہوئی تو پی ٹی آئی اراکین کسی اور جماعت کو ووٹ دینگے  اس لئے وزیراعظم سینیٹ انتخابات شو آف ہینڈ کے ذریعے کرانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا یہ کہنا کہ سینیٹ میں ہارس ٹریڈنگ کر سکتا ہوں کا اعتراف جمہوریت پر حملہ ہے اس اعتراف پر صدر وزیراعظم کو برطرف کریں۔
 

مزید :

صفحہ اول -