ٹریفک ہیڈ کوارٹر میں اعلیٰ سطحی اجلاس‘ کارکردگی کا از سر نو جائزہ 

   ٹریفک ہیڈ کوارٹر میں اعلیٰ سطحی اجلاس‘ کارکردگی کا از سر نو جائزہ 

  

پشاور(کرائم رپورٹر) چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ٹریفک حکام کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ سلام کلام پالیسی کے ساتھ شہریوں سے پیش آئیں اور ٹریفک مسائل حل کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔ یہ ہدایات چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید مروت نے گزشتہ روز ٹریفک ہیڈ کوارٹر گلبہار میں کارکردگی کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جاری کیں اس موقع پر ایس پی ٹریفک کینٹ امان اللہ‘ ایس پی ٹریفک سٹی عبد السلام‘ ڈی ایس پی ٹاؤن‘ حیات آباد‘ خیبر روڈ‘ کینٹ‘ رنگ روڈ‘ ہیڈ کوارٹر‘ ایم ایل اے‘ ایجوکیشن سمیت دیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ٹریفک حکام سے شہر میں ٹریفک سے متعلق مسائل بارے آگاہی حاصل کی اور کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے حکام کو ہدایات جاری کیں کہ شہر میں ٹریفک کی روانی بر قرار رکھنے کے لئے تجاوزات کے خلاف آپریشن کا سلسلہ جاری رکھا جائے اور کسی کے ساتھ نرمی نہ برتی جائے جبکہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے عملہ سڑکوں پر موجودگی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک حکام اپنے ماتحت افسران کے مسائل سننے کیلئے آردرلی روم کا باقاعدہ  انعقاد کریں اور ان کے مسائل حل کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے میں غفلت برتنے والوں کیلئے ٹریفک پولیس میں کوئی جگہ نہیں اور سزا وجزا کا عمل سختی سے جاری رہے گا.

مزید :

پشاورصفحہ آخر -