فلور ملز سے آٹے کے نمونے حاصل‘لیبارٹری ارسال 

فلور ملز سے آٹے کے نمونے حاصل‘لیبارٹری ارسال 

  

پشاور(سٹی رپورٹر) محکمہ خوراک کے افسران نے شہر کے مختلف علاقوں میں قائم فلور ملوں کے دورے کئے اور گندم کی پسائی اور سبسڈائز آٹے کی ترسیل کا جائزہ لیا جبکہ آٹے کے معیار کو چیک کرنے کے لئے 10 فلور ملوں سے نمونے حاصل کر کے لیبارٹری ارسال کردیئے بعد ازاں وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان اور محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے کارخانوں‘ خزانہ چارسدہ روڈ کے مختلف علاقوں میں اشیائے خوردونوش کے دکانوں کو چیک کیا اور نرخوں بارے آگاہی حاصل کی۔ سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے پر 16 افراد کو گرفتار کرلیا جن کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مراسلے جمع کردیئے۔ گرانفروشوں میں قصائی‘ ریسٹورانٹس و ہوٹل مالکان شامل ہیں۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے اپنے دفتر سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ فلور ملز مالکان شہریوں کو معیاری اور مقررہ نرخوں پر آٹے کی فراہمی کو یقینی بنائیں جبکہ ڈیلرز بلیک مارکیٹنگ سے گریز کریں بصورت دیگر ان کے لائسنس اور کوٹہ کو معطل کیا جائیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان کی ہدایات کے مطابق شہر بھر میں بلا تفریق کارروائیاں جاری ہیں گرانفروش اپنا قبلہ درست کرلیں بصورت دیگر ان کے کاروبار کو مستقل طور پر بند کیا جائیگا۔ 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -