پی سی بی نے پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کی تیاریوں کا آغاز کر دیا

پی سی بی نے پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کی تیاریوں کا آغاز کر دیا
پی سی بی نے پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کی تیاریوں کا آغاز کر دیا
سورس: Twitter

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کی تیاریوں کا آغاز کر دیا اور اس حوالے سے لیگ کی فرنچائزز کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شیڈول ونڈو کے تحت پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن کرانا مجبوری ہے اور پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن سے قبل پی سی بی اور فرنچائزز کے درمیان کئی ایک معاملات حل طلب ہیں جن میں پی ایس ایل کا فنانشل ماڈل سر فہرست ہے۔ اس حوالے سے تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی تاہم پی سی بی نے شیڈول ونڈو کے مطابق پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن کرانا مجبوری قرار دیدیا ہے۔ 

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ مشکل صورتحال کے باوجود فروری مارچ میں پی ایس ایل کرانا مجبوری ہے کیونکہ پورے سال میں اس کے علاوہ پی ایس ایل کیلئے ونڈو دستیاب نہیں،3 سالہ رائٹس سرکل بھی مکمل ہونے کی وجہ سے پی ایس ایل کرانا مجبوری ہے جبکہ اگلے برس پاکستان کرکٹ ٹیم کی بیک ٹو بیک سیریز کی وجہ سے بھی دوسری ونڈو نہیں ہے، فرنچائزز کو پی ایس ایل کے انعقاد کیلئے مجبوریوں سے آگاہ کر دیا ہے۔

دوسری جانب پی سی بی نے پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کیلئے تیاریوں کا آغاز کر دیا اور اس سلسلے میں مقامی کھلاڑیوں کی کیٹیگریز کے حوالے سے آج اجلاس ہو گا جبکہ کیٹیگریز کے فیصلے کے ساتھ فرنچائزز کھلاڑیوں کی ٹریڈ کر سکیں گی۔ اگلے 8 سے 10 روز میں ٹیموں میں کھلاڑیوں کی ری ٹینشن کا اعلان ہو گا اور ٹیمیں اگلے ایڈیشن کیلئے 8 کھلاڑیوں کو ری ٹین کر سکیں گی جبکہ پی ایس ایل ڈرافٹنگ کیلئے 10 جنوری کی تاریخ تجویز کی گئی ہے۔

مزید :

کھیل -