امریکی پابندیوں کے خلاف ترکی بھی ڈٹ گیا، ردعمل آگیا

امریکی پابندیوں کے خلاف ترکی بھی ڈٹ گیا، ردعمل آگیا
امریکی پابندیوں کے خلاف ترکی بھی ڈٹ گیا، ردعمل آگیا

  

انقرہ( ڈیلی پاکستان آن لائن) ترکی امریکی پابندیوں کے سامنے ڈٹ گیا۔ ترک وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی پابندیوں کے ردعمل میں جوابی اقدامات کیے جائیں گے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک وزیر خارجہ مولوت چاوش اوگلو نے کہا ہے کہ روس سے میزائل دفاعی نظام خریدنے کا سودا منسوخ نہیں کیا جائے گا۔

روس سے یہ میزائل دفاعی نظام حاصل کرنے کی وجہ سے امریکا نے پیر کو چند ترک اہلکاروں پر پابندیاں عائد کر دی تھیں۔ ترک ڈیفنس انڈسٹری ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ اسمائیل دیمیر سمیت 3مزید اہلکار ان پابندیوں کے زمرے میں آتے ہیں۔

اس پیش رفت کے رد عمل میں صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ امریکا کا یہ قدم ترکی کی دفاعی صنعت پر ایک جارحانہ حملہ ہے اور یہ ناکام ہو گا۔

قبل ازیں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا تھا کہ ترکی پرعائد پابندیوں پر عمل درآمد کرائیں گے۔ان کا کہنا تھاکہ  ترکی کی دفاعی ضروریات پوری کرنے کے لیے نیٹو کا دفاعی نظام موجود تھا اور متبادل ہونے کے باوجود ترکی نے روسی میزائل کی خریداری کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ترکی پر واضح کیا تھا روسی میزائل کی خریداری سے گریز کرے کیونکہ ایس 400 میزائل سے امریکی ملٹری ٹیکنالوجی کی سیکیورٹی خطرے میں پڑسکتی ہے۔مائیک پومپیو نے کہا کہ ترک ایجنسی کے صدر اسماعیل دیمر کو امریکی ویزا نہیں دیا جائے گا اور روس کے دفاعی سیکٹر کے ساتھ ٹرانزیکشنز کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

مزید :

بین الاقوامی -