شہر شہر جاکر امیروں کو لوٹنے والی خاتون پکڑی گئی، کہانی ایسی کہ کسی فلم سے کم نہیں
ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی شہر ممبئی میں ایک سابق آرکسٹرا بار گلوکارہ کو پولیس نے چوری کے الزام میں گرفتار کیا ہے جو ایسے طریقے سے شہر شہر جا کر امیر لوگوں کو لوٹتی تھی کہ اس کے طریقہ واردات کے آگے فلمی کہانیاں بھی ماند پڑ جائیں۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق ملزمہ کا اصلی نام منمون حسین ہے تاہم وہ ارچنا بیروا کے نام سے شہرت رکھتی ہے۔ اس کا تعلق کلکتہ سے ہے تاہم اسے ممبئی میں پولیس نے چوری کے الزام میں حراست میں لیاہے۔
پولیس کے مطابق 46سالہ ارچنا کئی سالوں سے بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر بنگلور میں قیام پذیر تھی۔ وہ فضائی سفر کرکے مختلف شہروں میں جاتی اور ان شہروں کے پوش علاقوں میں گھومتی اور امیر لوگوں کو تلاش کرتی جنہیں وہ اپنا شکار بنا سکے۔ وہ صبح کسی شہر میں جاتی اور وہاں کسی امیر خاتون کا پرس، فون، زیوارت، نقدی وغیرہ چوری کرکے جہاز پر بیٹھتی اور شام کو واپس بنگلور پہنچ جاتی۔ ممبئی پولیس کو اس خاتون کے خلاف 2019ءمیں ایک رپورٹ درج کروائی گئی تھی، جس کے بعد سے پولیس اس کی تلاش میں تھی۔اس رپورٹ میں متاثرہ خاتون نے بتایا تھا کہ اس کا پرس چوری کیا گیا ہے جس میں اس کا فون، زیوارت اورنقدی موجود تھی۔ ان تمام چیزوں کی مالیت 15لاکھ روپے تھی۔ پولیس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ملزمہ گزشتہ 10سال سے اس طریقے سے وارداتیں کر رہی تھی اور کئی شہروں میں اس کے خلاف مقدمات درج ہیں۔