پٹرولیم مصنوعات میں معمولی کمی مذاق ہے،حاجی نواز
لاہور(سٹی رپورٹر) صدر اتفاق گروپ انجمن تاجران الیکٹرونکس ہال روڈ لنک میکلورڈ روڈ حاجی نواز پپو نے کہا ہے کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو آسمان پر لے جا کر معمولی کمی کرکے تاجروں کے ساتھ سنگین مذاق کررہی ہے۔ پٹرول کی قیمتیں جس ہوش ربا تیزی سے ہفتہ وار بنیادوں پر بڑھائی گئیں، ایسے حالات میں یہ ریلیف انتہائی کم ہے۔ کاروباری طبقے مہنگائی کے بے رحم حالات سے شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔
مہنگی پٹرولیم مصنوعات سے کاروبار زندگی جمود سے دوچار ہیں۔ ملک میں معاشی عدم استحکام سے معاشی اور معاشرتی حالات زندگی تسلسل کے ساتھ مشکلات کی دلدل میں دھنستے جارہے ہیں۔ حکومت پٹرول کی قیمتوں کو قابو میں لانے کیلئے واضع کمی کرنے کا اعلان کرے۔ ملک کے کروڑوں عوام کے کاروباری اور ذاتی حالات زندگی کا انحصار بالواسطہ یا بلاواسطہ پٹرولیم مصنوعات کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ حکومت پٹرول کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف دے کر معاشی اور کاروباری سازگار حالات فراہم کرے۔ ملکی سطح پر لوکل ڈیوٹیز اور ٹیکسز کی شرح پٹرولیم مصنوعات پر نصف کردی جائے۔ پٹرول کی قیمتیں نیچے آنے سے عوام کے متوسط کاروباری صنعتی سماجی طبقے کو آسانی اور بہتر حالات میسر آئیں گے۔ ملک میں معاشی بحران کے ختم کرنے کا واحد حل بزنس کمیونٹی کو ریلیف کی فی الفور فراہمی ہے۔