صوابی کے عوام نے حکومت ارکان کو یکسر مسترد کر دیا: مولانا فضل علی حقانی 

صوابی کے عوام نے حکومت ارکان کو یکسر مسترد کر دیا: مولانا فضل علی حقانی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


       صوابی(بیورورپورٹ) جمعیت علماء اسلام ضلع صوابی کے امیر و سابق صوبائی وزیر تعلیم مولانا فضل علی حقانی نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کر دیا ہے کہ اگر حکومتی ارکان نے ضلع صوابی میں انیس دسمبر کو بلدیاتی انتخابات میں ووٹ چوری، دھاندلی، جعلسازی یا کسی قسم کی گڑ بڑ کرنے کی کوشش کی تو حالات کی ذمہ دار پی ٹی آئی کے حکمران ہو نگے۔اور ضلع بھر میں اس کے خلاف بھر پو ر احتجاج کر کے ایک انقلاب برپا کیا جائیگا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے زیدہ سٹی میں جمعہ کی شام ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کر تے ہوئے کیا جس سے تحصیل کونسل صوابی کے میئر شپ کے لئے جے یو آئی کے امیدوار حاجی نور الا سلام، مولانا مفتی فضل آمین، معروف نعت خوان احسان اللہ فاروقی، فیض الرحمن عرف گل اور محمد ناظم نے بھی خطاب کیا۔مولانا فضل علی حقانی نے سپیکر قومی اسمبلی کو چیلنج دیا کہ اس نے پانچ سالہ دور صوبائی حکومت اور چار سالہ دور وفاقی حکومت میں جو تر قیاتی کام کئے اور اس کے برعکس میں نے اپنے پانچ سالہ دور میں ضلع بھر میں جو تر قیاتی منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا ہے وہ اس حوالے سے موازنہ کرنے کے لئے امن چوک صوابی میں سپیکر کے ساتھ مناظرے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل صوابی میں جے یو آئی کے امیدوارحاجی نور الا سلام تحصیل کونسل صوابی اور جمعیت کے دیگرامیدواروں کی کامیابی سے حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہے حکومتی ارکان چپکے چپکے عوام کے پاس جا کر ان سے ووٹ دینے کے لئے منتیں سماجت کر تے ہیں لیکن صوابی بھر کے عوام نے حکومتی ارکان کو یکسر مسترد کر دیا ہے اور ان کے حکومت کے باوجود ان کے جلسوں میں عوام کی عدم شرکت پی ٹی آئی امیدواروں کے لئے ناکامی کا زندہ ثبوت ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے کارکنوں، پولنگ اسٹیشن اور پولنگ بوتھ میں ڈیوٹی انجام دینے والے کارکنوں سے کہا کہ وہ حکومتی ارکان کی جانب سے ووٹ چوری کی کڑی نگرانی کریں انہوں نے کہا کہ عمران خان کی شکل میں جو وزیر اعظم قوم پر مسلط کیا گیا ہے وہ دین اسلام، معیشت، پاکستانی قوم، مسلمانوں کی دشمن ہے عوام اس حکمرانوں سے بلدیاتی ووٹ کے ذریعے نجات حاصل کرنا چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ تحصیل کونسل صوابی کے لئے حکومتی امیدوار کو کامیاب بنانے کے لئے ایک اہم حکومتی ذمہ دار نے انتخابات کے آخری مرحلے تک انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے عوام اور ووٹروں کو تر قیاتی منصوبوں اور ترقیاتی فنڈز کے آڑ میں لالچ دے رہے ہیں لیکن صوابی بھر کے غیور پختون حکومت کے اس جھوٹے لالچ کو بے نقاب کرینگے۔ حاجی نور الا سلام امیدوار تحصیل کونسل صوابی نے کہا کہ حکومتی ارکان دن رات گلی کوچوں میں پھر کر لوگوں سے ووٹ کے حصول کے لئے منتیں کر رہے ہیں۔ سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال اپنے امیدواروں کی کامیابی کے لئے کر رہے ہیں۔یہ ملک کے غریب عوام کے ٹیکسوں سے اکٹھی کی گئی دولت ہے اسی طرح سرکاری گاڑیوں کا بھی بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے اور انتخابی عمل پر براہ راست حکومتی ارکان اثر انداز ہو رہے ہیں۔ پاکستانی قومی اور خصوصاً خیبر پختونخوا کے پختونوں نے اس جعلی حکومت کے عزائم جان چکے ہیں انہوں نے کہا کہ حق اور باطل کے اس معرکہ میں ضلع صوابی کے مسلمان پختون حق کے ساتھ ثابت قدم رہیں گے اور غیر ملکی ایجنڈے پر آنے والے حکمرانوں کے ایجنڈوں کو ووٹ کے ذریعے مسترد کرینگے انہوں نے کہا کہ ضلع صوابی کے غیور عوام جے یو آئی کے امیدواروں کے انتخابی نشان کتاب کے آگے مہر لگا کر اس عوام دشمن قوتوں کے آلہ کار کو مسترد کرینگے۔