بلدیاتی انتخابات کے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی

  بلدیاتی انتخابات کے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(کرائم رپورٹر)شہر میں بلدیاتی انتخابات کے پرامن انعقاد کی خاطر سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جس کے تحت 1249 پولنگ اسٹیشنز پر 11 ہزار سے زائد پولیس اہلکار و افسران تعینات ہونگے، 165 نارمل پولنگ سٹیشنز، 880 حساس جبکہ 204 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز قرار دئیے گئے جہاں مناسب سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز میں پولیس جوانوں کے ساتھ ساتھ فرنٹئیر کانسٹبلری کے جوان بھی تعینات کئے گئے ہیں تاکہ پولنگ کے عمل کو بلا تعطل جاری رکھا جا سکے جبکہ ڈرون کیمروں کے ذریعے نگرانی بھی کی جائے گی، شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ناکہ بندیوں، اندرون شہر اور نواحی علاقوں میں موبائل اور رائیڈر سکواڈ کی گشت میں اضافہ جبکہ حساس اور اہم مقامات، سرکاری املاک و دفاتر کی بکتر بند گاڑیوں کے ذریعے نگرانی شروع کر دی گئی ہے، انتخابات کے دوران سول ڈیفنس، محکمہ صحت کی خواتین اہلکاروں کی خدمات بھی حاصل کی گئیں ہیں جن کو امن و امان کے قیام کے حوالے سے اہم ذمہ داریاں سونپ دی گئیں ہیں، پلان کے مطابق تمام پولنگ اسٹیشنز کی بی ڈی یو اور سنیفر ڈاگز کے ذریعے سویپنگ کی جائے گی سی سی پی او عباس احسن نے تمام اہلکاروں کو غیر متعلقہ اشخاص کو پولنگ اسٹیشن کے اندر جانے کی اجازت نہ دینے، ووٹروں کی قطار بندی اور جامعہ تلاشی کو ہر صورت یقینی بنانے، دوران ڈیوٹی موبائل فون کے استعمال سے گریز کرنے، غیر جانبداری کا مظاہرہ کرنے اور دوران ڈیوٹی تحمل مزاجی کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت کی ہے، سی سی پی او نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون کر کے پر امن شہری ہونے کا ثبوت دیں، انہوں نے کسی بھی مشکوک شخص یا چیز کی بروقت اطلاع متعلقہ پولیس اسٹیشن یا قریبی تعینات اہلکاروں کو دینے کی اپیل کی ہے تاکہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔