صبح، دوپہر اور شام گھروں کو گیس دینے کا حکومتی وعدہ بھی جھوٹ نکلا: شہباز شریف
لاہور(جنرل رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے ملک میں گیس کے شدید بحران پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے سردیوں میں صبح، دوپہر اور شام گھروں کو گیس دینے کا حکومتی وعدہ بھی جھوٹ نکلا،لوکل تو کیا برآمدی صنعت کو بھی گیس بند ہے، صنعتوں کو گیس نہیں ملے گی تو بیروزگاری مزید بڑھے گی،عمران نیازی کی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے آج پورے ملک سے گیس غائب ہے،خود حکومتی ٹیم کے سابق رکن اعتراف کرچکے ہیں عمران نیازی حکومت معیشت کا دیوالیہ نکال چکی،اصل مسئلہ گیس کا بحران نہیں، موجودہ حکومت کی کرپشن اور نااہلی ہے۔جمعہ کو اپنے بیان میں اپوزیشن لیڈر نے کہا حکومت نے وعدہ کیاتھا گھریلو صارفین کو کم ازکم تین اوقات گیس فراہم ہو گی لیکن یہ بھی نہ ہوسکا،حکومت کی مجرمانہ غفلت کے نتیجے میں عوام کھانا پکانے سے بھی محروم ہوچکے ہیں،بچے بھوکے پیٹ سکول جانے پر مجبور ہیں لیکن حکومت کو احساس نہیں،ہماری مائیں، بہنیں بیٹیاں ناشتہ اور کھانا پکانے میں بھی انتہائی مشکل کا شکار ہیں۔ گھروں میں اتنی گیس بھی نہیں آرہی کہ خواتین گھروں میں کھانا پکا سکیں،حکومت کا دعوی تھا برآمدی صنعت کی خاطر لوکل صنعت کو گیس فراہمی بند کررہے ہیں، یہ نالائقی اور کرپشن نہیں تو اور کیا ہے؟صنعتوں کو گیس نہیں ملے گی تو بیروزگاری مزید بڑھے گی، ٹیکس کہاں سے وصول ہونگے؟ برآمدی صنعت کو گیس نہیں ملے گی تو ایکسپورٹ کے ڈالر کہاں سے آئیں گے؟،گیس کا بحران سراسر پی ٹی آئی حکومت کی کرپشن اور نااہلی نے پیدا کیا۔شہباز شریف نے کہا نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گیس کا مکمل انفراسٹرکچر لگایا تھا،اتنی گیس لائی جاسکتی تھی جس سے عوام اور صنعت دونوں کی ضروریات کو بخوبی پورا کیاجاسکتا تھا،اہل حکومت ہوتی تو بروقت گیس خریدتی، نظام میں گنجائش موجود تھی، صرف بروقت انتظامات درکار تھے جو نہ ہوئے۔
شہباز شریف