”انسانی حقوق ایوارڈز“ کی تقریب  28دسمبر کو لاہور میں ہوگی

      ”انسانی حقوق ایوارڈز“ کی تقریب  28دسمبر کو لاہور میں ہوگی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور (پ ر) ہیومن رائٹس سوسائٹی آف پاکستان کے اڑتیسویں (38) ”انسانی حقوق ایوارڈز“ کی تقریب 28دسمبر کو لاہور میں ہو گی۔ سوسائٹی کے صدر سید عاصم ظفر نے بتایا کہ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق سینئر صحافی، دانشور اور ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے سابق سربراہ  آئی اے رحمان کو پاکستان میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے بے مثال جد و جہد اور اپنی تحریروں کے ذریعے حقوق انسانی کا شعور اجاگر کرنے پر ایوارڈ دیا جائے گا، اس سال کا دوسرا ایوارڈ معروف مزدور لیڈر اور آل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کے سیکرٹری جنرل خورشید احمد کو دیا جائے گا جنہوں نے اپنی پوری زندگی محنت کشوں کے حقوق کے لئے جنگ لڑنے میں گزاری ہے، اُن کی کاوشوں سے لاہور سمیت ملک کے اہم شہروں میں لیبر ہالز کی تعمیر ممکن ہوئی، جہاں مزدوروں کو اپنی سرگرمیوں کے لئے مناسب جگہ میسر ہوئی۔
 تیسرا ایوارڈ ملک کے رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑے مگر پسماندہ ترین صوبے بلوچستان سے تعلق رکھنے والی ہزارہ کمیونٹی کی پہلی خاتون وکیل محترمہ جلیلہ حیدر کو دیا جائے گا، جنہوں نے         نہ صرف اپنی کمیونٹی کو دہشت گردی سے بچانے کے لئے آواز بلند کی بلکہ بلوچستان کی خواتین کے حقوق کی بحالی اور جبری طور پر لا پتہ افراد کی بازیابی کے لئے بھی قابل قدر کام کیا۔ انسانی حقوق کا چوتھا اوارڈ کورونا کی جان لیوا وبا کے سامنے سینہ سپر ہونے والے ڈاکٹروں اور                   پیرا میڈیکل اسٹاف کے نام کیا گیا ہے جنہوں نے اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر دکھی انسانیت کی خدمت کو ترجیح دی اور اس مشہور قول زریں کو  سچا ثابت کیا کہ جس نے کسی ایک انسان کی جان بچائی، اس نے پوری انسانیت کو بچایا۔ سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن کے صدر محمد احسن بھون، ممتاز دانشور صحافی سہیل وڑائچ، ممتاز صنعتکارخاور رفیق شیخ اور محترمہ بشریٰ رحمان ایوارڈز پانے والی شخصیات کا تعارف پیش کریں گے۔