ٹیلی نارکا ڈیجیٹل برتھ رجسٹریشن سسٹم سندھ حکومت کے حوالے

ٹیلی نارکا ڈیجیٹل برتھ رجسٹریشن سسٹم سندھ حکومت کے حوالے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹیلی نار پاکستان اور یونیسیف نے  ڈیجیٹل برتھ رجسٹریشن (ڈی بی آر) سسٹم سندھ حکومت کے حوالے کر دیا۔ مقامی حکومت تین اضلاع میں کامیاب آغاز اور نفاذ کے بعد سندھ بھر میں ڈیجیٹل برتھ رجسٹریشن پراجیکٹ کا انتظام سنبھالنے اور پورے صوبے میں نافذ کرنے کیلئے   تیار ہے۔ پراجیکٹ حوالے کرنے  کی  تقریب کراچی میں منعقد ہوئی جس میں ٹیلی نار پاکستان اور یونیسیف کے ساتھ ساتھ سندھ حکومت کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔ڈیجیٹل برتھ رجسٹریشن سسٹم جسے 17 سال  بلخصوص5 سال سے کم عمر بچوں کے پیدائش کے اندراج کیلئے ڈیزائن کیا گیا  ہے 2016 میں اپنے آغاز سے لے کر اب تک  پاکستان بھر میں تقریباً 18 لاکھ   بچوں کو شناخت  دینے میں مدد فراہم کر چکا ہے۔ ڈی بی آر پراجیکٹ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ ہر بچے کو اسکی شناخت کا بنیادی حق ملے جو اُسکو تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور بنیادی انسانی حقوق تک بہتر رسائی فراہم کرے۔یونیسیف اور ٹیلی نار پاکستان نے مل کر آسان رسائی کی سہولت فراہم کی ہے تاکہ ایسے علاقوں میں پیدائش کے اندراج کو یقینی بنایا جاسکے جہاں پہنچنا مشکل ہوتاہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے اس کامیاب ماڈل نے  ٹیکنالوجی کے ذریعے جنوبی ایشیا میں  بچوں کی پیدائش کے اندراج کے لیے  یونیورسل برتھ رجسٹریشن  کے مقصدکو حاصل کرنے کی راہ ہموارکی ہے۔ عرفان وہاب خان، سی ای او، ٹیلی نار پاکستان، نے  اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، '' پیدائش کا اندراج  ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور ان کے وجود کا قانونی ثبوت بھی ہے۔ ڈی بی آر پلیٹ فارم کے ذریعے رجسٹر ہونے والی ہر زندگی قوم کو ملک کے ترقیاتی اہداف کی تکمیل میں نہ صرف مدد یتی ہے  بلکہ عدم مساوات اور سماجی و اقتصادی فرق کے اثرات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ آج ہم پہلے سے کہیں زیادہ  تیزی سے ایک جامع ڈیجیٹل معاشرے کے حصول کی طرف بڑھ رہے ہیں۔'' ڈی بی آر سسٹم کے دائرہ کارمیں اضافہ  کے حوالے سے  انہوں نے  مزید کہا، ''ہمیں فخر ہے کہ ہم نے یونیسیف کے ساتھ مل کر صوبائی حکومت کیلئے معاشرے کی ترقی اور انہیں بااختیار بنانے کی راہ ہموار کی ہے۔''