وزیراعلٰی کی جانب سے پختونخوا انرجی ڈیو یلپمنٹ آرگنائز یشن کی کارکردگی رپورٹ طلب

وزیراعلٰی کی جانب سے پختونخوا انرجی ڈیو یلپمنٹ آرگنائز یشن کی کارکردگی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


       پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پختونخوا انرجی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کی مجموعی کارکردگی رپورٹ طلب کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ادارے کی مجموعی کارکردگی سے متعلق جملہ تفصیلات پیڈو پالیسی بورڈ کے اگلے اجلاس میں پیش کی جائیں۔ اُنہوں نے متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ پختونخوا انرجی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن اور ہائیڈل ڈویلپمنٹ فنڈ کے جملہ معاملات میں اصلاحات اوراِن کی استعدادکار میں بہتری کیلئے متعلقہ قوانین میں ضروری ترامیم کیلئے بھی اقدامات اُٹھائے جائیں۔ وہ گزشتہ روزپختونخوا انرجی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے نویں پالیسی بورڈ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے توانائی صاحبزادہ سعید، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، سیکرٹری خزانہ اکرام اللہ، سیکرٹری توانائی سید امتیاز حسین شاہ، سیکرٹری قانون عابد مجیداور پیڈو کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر محمد نعیم کے علاوہ بورڈ کے دیگر ممبران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں بورڈ کے گزشتہ اجلاس کی روداد کی توثیق کی گئی جبکہ پیڈو کے نظر ثانی شدہ بجٹ برائے مالی سال 2020-21 اور بجٹ تخمینہ جات برائے مالی سال 2021-22 پر تفصیلی غور خوض کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ معاملہ متعلقہ فنانس کمیٹی کی جانچ پڑتال کے بعد حتمی منظوری کیلئے بورڈ کے اگلے اجلاس میں پیش کیا جائے۔اجلاس میں پیڈو کے تحت پن بجلی کے متعدد منصوبوں کیلئے عارضی آسامیوں کی منظوری کا معاملہ بھی ضروری اسکروٹنی کیلئے متعلقہ کمیٹی کے حوالے کیا گیا۔ اجلاس میں صوبہ بھر میں پیڈو کے تحت قائم کئے گئے منی مائیکرو ہائیڈل پاور اسٹیشنز کو پائیدار بنیادوں پر چلانے اور اُن کے بہتر انتظام و انصرام کیلئے یکساں طریقہ کار وضع کرنے کیلئے پیڈو حکام کو ایک پالیسی تشکیل دینے کیلئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی گئی۔ اسی طرح اجلاس میں پیڈو بورڈ کے ایک نجی ممبر کے استعفےٰ کا معاملہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پیش کرنے کی منظوری دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ مستعفی ہونے والے ممبر کی جگہ بلا تاخیر نئی تعیناتی کیلئے اُمیدواروں کے ناموں کا پینل بھی کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے۔

مزید :

صفحہ اول -