مہنگائی اور بے روزگاری کی سونامی میں عوام بے بس ہوچکے ہیں: سراج الحق
تخت بھائی ( تحصیل رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ۔ مہنگائی اور بے روزگاری کی سونامی کے آگے عوام بے بس ہوچکے ہیں۔ موجودہ حکومت ملک کی تاریخ کی ناکام ترین اور بدنام ترین حکومت بن چکی ہے۔ نا اہل حکمرانوں کی وجہ سے ملک سے خیر و برکت ختم ہوا ہے۔ خیبر پختونخوا ایک مظلوم صوبہ بن چکا ہے۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے تخت بھائی میں جمعیت علماء اسلام کے سابق صوبائی رہنماء اور ممتاز عالم دین مولانا عبدلرزاق المعروف عربی حاجی صاحب کے پوتوں عاقب اسماعیل اور ثاقب اسماعیل کی جماعت اسلامی میں شمولیت کے موقع پر ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے مسلم لیگ کے گندکو صاف کرنے کے لئے مزید پانچ سال مانگ رہے ہیں لیکن انہوں نے جو گند پھیلایا ہے اس کو صاف کرنے کے لئے سو سال کا عرصہ درکار ہے۔موجودہ دور حکومت میں پاکستان کی دنیاء بھر میں جگ ہنسائی ہورہی ہے۔داخلہ اور خارجہ پالیسیاں ناکامی کا شکار ہیں۔پی ٹی آئی ارکنان اسمبلی اور وزراء خود حکومت سے نالاں ہیں۔ اس موقع پر قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر مولانا عبدالرحیم چترالی اور جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری عبدا لواسع، ضلع مردان کے امیر غلام رسول، جنرل سیکرٹری عبدالرحیم، سابق ایم این اے مولانا ڈاکٹر عطا ء الرحمن، پی کے 54کے امیر نعمان یوسف، پی کے 55کے امیر حبیب رسول، تحصیل تخت بھائی جماعت اسلامی کے طرف سے میئر شپ کے نامزد امیدوار حاجی معزاللہ خان اور الخدمت فاؤنڈیشن ضلع مردان کے صدر ارشداقبال نے بھی خطاب کیا۔