کبیر والا: ڈاکو کی فائرنگ سے نوجوان قتل، ورثاء کا احتجاج، روڈ بلاک 

کبیر والا: ڈاکو کی فائرنگ سے نوجوان قتل، ورثاء کا احتجاج، روڈ بلاک 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


  کبیروالا،بٹہ کوٹ+اڈا جھلار مدینہ(نامہ نگار،نمائندگان پاکستان+سپیشل رپورٹر)   کبیروالا شہر میں گزشتہ سے پیوستہ شب کرم پور جوتہ کبیروالا کا رہائشی 15سالہ نوجوان محمد فہیم جوتہ اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ عقب سے آنے والے تین نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فون سنتے ہوئے محمد فہیم سے اس کا موبائل جھپٹا مار کر چھین لیا اور فرار ہوگئے،جس پر محمد فہیم نے ان کا پیچھا شروع کر(بقیہ نمبر52صفحہ7پر)
دیا،ککڑ ہٹہ روڈ پر محمد فہیم نے ایک ڈاکو پکڑ لیا،جس نے پکڑنے جانے پر محمد فہیم پر اپنے پستول سے فاکردیا،جواس کے سینے میں جالگا اور وہ شدید زخمی ہوکر گرپڑا اور شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔مقتول کی نعش کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کبیروالا پہنچایا گیا۔واقعہ کی اطلاع پولیس کو دی گئی لیکن تھانہ سٹی کبیروالا سمیت سرکل کبیروالا کے افسران اور اہلکاران،ضمنی الیکشن پی پی 206خانیوال میں ڈیوٹی کے باعث پولیس تھانہ سٹی کبیروالا کو5منٹ کی دوری پر جائے واردات پر پہنچے 4گھنٹے سے زائد وقت لگا،جس پر مقتول کے ورثا ء اور مقتول کی جوتہ برادری اور اہل علاقہ پر مشتمل سینکڑوں افراد نے مذکورہ واقعہ اور پولیس کی جانب سے تاخیر برتنے کے خلاف ماہنی سیال بائی پاس ملتان روڈ کبیروالا پر رکاوٹیں کھڑی کرکے روڈ بلاک کرتے ہوئے مقتول کی نعش کے ساتھ احتجاجی دھرنا دے دیا۔روڈ بلاک کے باعث دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی۔صورتحال کا علم ہونے پرڈی پی او خانیوال کی ہدایات پر ڈی ایس پی خانیوال مہر وسیم احمد خان سیال اور ایس ڈی پی او کبیروالا میڈم سدرہ خان،ایس ایچ او تھانہ سٹی کبیروالا محمد نوید وڑائچ سمیت دیگر پولیس افسران بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔جہاں پر انہوں نے جوتہ برادری کی معروف سیاسی وسماجی شخصیات مہر حاجی لیاقت حسین جوتہ،ممبر تحصیل امن کمیٹی مہر محمد افضل جوتہ کی موجودگی میں احتجاجی مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کئے اور ان کے تمام تحفظات اور مطالبات سننے کے بعد انہیں واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلداز جلد ٹریس کرکے منظر عام لانے اور قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی،جس پر مظاہرین نے اپنا احتجاجی دھرنا ختم کردیا۔بعدازاں مقتول کی نمازجنازہ ان کے آبائی علاقہ موضع کرم پور جوتہ تحصیل کبیروالا میں ادا کی گئی،جس میں ہزاروں اہل علاقہ نے شرکت کی،نمازجنازہ کے بعد مقتول کو ان کے آبائی قبرستان میں سپر د خاک کردیا گیا۔مقتول محمد فہیم کی عمر تقریبا 15/16سال تھی اور وہ کبیروالا شہر میں ایک ورکشاپ پر کام سیکھ رہا تھا۔مقتول جوتہ برادری کے مہر محمد شریف جوتہ کے بیٹا اور سیدگروپ کے سینئر رہنما مہر غلام حسین جوتہ کا بھتیجا تھا۔