'خانیوال میں ایک مردہ بھی ووٹ ڈال گیا'، وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس کی مبینہ اندرونی کہانی سامنے آگئی
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی ترجمان کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ خانیوال میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں ایک مردہ بھی ووٹ ڈال گیا۔
ترجمانوں کے اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے پر بات چیت بھی کی گئی اور ارکان کی جانب سے بتایا گیا کہ خانیوال میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں ایک مردہ ووٹ ڈال گیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی اس لیے الیکٹرانک ووٹنگ کے خلاف ہیں کہ جعلی ووٹنگ نا رک جائے لیکن انتخابی نظام میں شفافیت کیلئے ای وی ایم ضروری ہے۔
اجلاس میں مشیر برائے داخلہ شہزاد اکبر نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور شہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کیس پر بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ بے نامی اکاؤنٹس سے شہباز شریف کو اربوں روپے منتقل کیے گئے، منی لانڈرنگ کے معاملے میں شہبازشریف براہ راست ملوث ہیں، شہبازشریف کے خلاف تمام ثبوت آگئے ہیں، اب عدالتوں کا کام ہے۔اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے عوام کا پیسہ لوٹا ہے، شہباز شریف حمزہ شہباز پیسے لے کر سرکاری عہدے بانٹتے رہے، شہباز شریف کو پائی پائی کا حساب دینا ہوگا، یہ منی لانڈرنگ نا کرتے تو ملکی حالات ایسے نا ہوتے۔وزیراعظم نے ترجمانوں کو شہباز شریف کی منی لانڈرنگ کے معاملے کو اجاگر کرنے کی ہدایت بھی کی۔
ترجمانوں کے اجلاس میں معاشی صورتحال پر مشیرخزانہ شوکت ترین نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جلد ڈالرز کا ایکسچینج ریٹ کم ہو جائے گا، حکومت عوام کو ایک کھرب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے۔عمران خان کا کہنا تھا پاکستان میں دنیا کے دیگر ممالک کی نسبت مہنگائی کم ہے، معاشی بہتری کے بعد مہنگائی میں مزید کمی واقع ہوگی۔