سماجی کارکن صبا کا قاتل پولیس کی گرفت میں آگیا، اندوہناک واردات کی وجہ ایسی بتائی کہ پولیس اہلکار بھی منہ دیکھتے رہ گئے
کراچی (ویب ڈیسک) شہر قائد میں چند روز قبل قتل کی جانے والی سماجی کارکن صبا کا قاتل پولیس کی گرفت میں آگیا، ملزم نے دوران تفتیش اہم انکشاف کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق نیو کراچی بلال کالونی میں چند روز قبل چھریوں کے وار سے قتل کی گئی سماجی کارکن صبا کو قتل کرنے والے ملزم غضنفر کو گرفتار کرلیا ہے، پولیس نے ملزم سے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا۔ملزم نے پولیس کو دئیے گئے ابتدائی بیان میں کہا کہ صبانے محلے میں ایک ویلفیئر بنائی تھی، جو لوگوں کے کام کرتی تھی، مجھےصبا کے ویلفیئر کا کام کرنا اچھا نہیں لگتا تھا کیونکہ لوگ صبا کی بہت تعریفیں کرتےتھے، مجھے صبا کی شہرت سے جلن ہوگئی تھی اس وجہ سے موت کے گھاٹ اتارا۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے نیو کراچی سیکٹر فائیو جے میں چھریوں کے وار کرکے خاتون کو قتل کر دیا گیا تھا جس کی شناخت صبا کے نام سے ہوئی تھی، مقتولہ کے بہیمانہ قتل پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا تھا ۔