چیف سیکرٹری پنجاب نےعوامی مسائل حل کرنےکےلئےانتظامی افسران کو بڑا حکم جاری کردیا 

چیف سیکرٹری پنجاب نےعوامی مسائل حل کرنےکےلئےانتظامی افسران کو بڑا حکم ...
چیف سیکرٹری پنجاب نےعوامی مسائل حل کرنےکےلئےانتظامی افسران کو بڑا حکم جاری کردیا 
سورس: File Photo

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے ہدایت کی ہے کہ تمام انتظامی سیکرٹریز روزانہ ایک گھنٹہ عوام کیلئے مختص کر یں اور صبح10تا 11بجے محکموں سے متعلق لوگوں کے مسائل سنیں ۔
 سول سیکرٹریٹ میں سیکرٹریز کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ افسران اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کریں اورکام صرف میرٹ پر کریں، محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانا ہوگا۔
چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ سیکرٹریز اپنے فیلڈ فارمیشن کے افسران کو ٹینیور سیکیورٹی دیں اورمعینہ مدت سے قبل تبادلہ صرف کرپشن یا ناقص کارکردگی پر کیا جائے، محکمانہ ترقی کے کیسز میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے، انتظامی سیکرٹریزمحکمانہ ترقیوں کیلئے قائم کمیٹیوں کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کریں، صوبائی پروموشن بورڈ ون کا اجلاس ہر دو ماہ بعد باقاعدگی سے منعقد ہوگا۔
چیف سیکرٹری نے تاکید کی کہ افسران اپنے فرائض بلا خوف وخطر سر انجام دیں، انہیں کام کرنے کی مکمل آزادی دی جائے گی لیکن جوابدہی بھی ہوگی، انتظامی سیکرٹریز کی کارکردگی کی سہ ماہی بنیادوں پر جانچ ہوگی اورآن لائن پورٹل کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی، سیکرٹریز کی کارکردگی جانچنے کے سلسلے میں پی آئیز جاری کر دیئے گئے ہیں۔ 
سیکرٹری سروسز نے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ کے پی آئیز میں انٹرنل اکاﺅنٹیبلٹی، مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن، ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ ،مالی سال کے دوران ترقیاتی فنڈز کا استعمال، محکمے کے اہم منصوبے اور آڈٹ پیراز شامل ہیں۔ اسی طرح پنشن اور ڈسپلینری کیسزکو جلد نمٹانا، پالیسی فیصلوں ، وفاقی اور صوبائی حکومت کی ہدایات پرعملدرآمد،دیانتداری، قابلیت، پالیسی میں بہتری، سروس ڈلیوری، تخلیقی صلاحیت، پابندی وقت، ریگولیٹری فریم ورک، محکمے اور اسکے زیر انتظام اداروں کی مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن کا معیار بھی کے پی آئیز میںشامل ہیں۔
 چیف سیکرٹری نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت سکیموں کے زیر التو ورک آرڈر فوری جاری کر دیئے جائیں، پیچیدہ عمل کے باعث سالانہ ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد متاثر نہیں ہونا چاہئے۔ چیف سیکرٹری نے زیر التوا پنشن کیسز کو جلد از جلد نمٹانے سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔اجلاس میں ڈینگی، کوویڈ کی صورتحال اور پاکستان سیٹیزن پورٹل پر شکایات کے ازالے کا جائزہ بھی لیا گیا۔تمام محکموں کے انتظامی سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔