خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخاب سے ایک روز قبل سٹی میئر کے امیدوار کو قتل کردیا گیا
ڈی آئی خان(ڈیلی پاکستان آن لائن)ڈیرہ اسماعیل خان میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی ) سٹی میئر عمر خطاب شیرانی کے امیدوار کو گھر کے باہر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق عمر خطاب شیرانی عوامی نیشنل پارٹی ڈی آئی خان کے صدر بھی تھے۔ پولیس ،سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے واقعے کی الگ الگ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے میئر کے امیدوار عمر خطاب کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا اور ملوث عناصر کو گرفتاری کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
امیدوار کے قتل کے بعد الیکشن کمیشن نے ڈی آئی خان میں سٹی میئر کی نشست پر انتخاب ملتوی کردیا ہے جبکہ دیگر سیٹوں پر بلدیاتی انتخاب کل(اتوار کو)ہوگا۔اے این پی نے عمرخطاب شیرانی کے قتل کی تحقیقات کیلئے تین دن کا الٹی میٹم دے دیا۔ اے این پی ترجمان ثمرہارون بلور نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی اس بربریت پر خاموش نہیں رہے گی، ذمہ داروں کو جواب دینا ہوگا، تین دن کے اندر تحقیقاتی رپورٹ عوام کے سامنے لائی جائے کہ عمرخطاب شیرانی کو کس نے اور کیوں شہید کیا؟۔