لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں بطور بیٹنگ کوچ خدمات سرانجام دینے والے سابق بلے باز محمد یوسف کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق پی سی بی کی جانب سے کوچنگ کیلئے اشتہار جاری کیا گیا ہے۔ پی سی بی نے ہائی پرفارمنس کوچ، بیٹنگ کوچ، بولنگ کوچ، فیلڈنگ کوچ اور پاور ہٹنگ کوچ کیلئے امیدواروں سے درخواستیں طلب کی ہیں۔ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 17 جنوری رکھی گئی ہے۔
واضح رہے کہ فیلڈنگ کوچ عتیق الزمان اور باؤلنگ کوچ محمد زاہد پہلے ہی اپنے عہدے چھوڑ چکے ہیں جب کہ محمد یوسف نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں بطور بیٹنگ کوچ خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ پی سی بی کی جانب سے بیٹنگ کوچ کا اشتہار دیا جانا یقیناً سابق بلے باز کیلئے خطرے کی گھنٹی ہوسکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد یوسف اگر بطور بیٹنگ کوچ خدمات جاری رکھنا چاہتے ہیں تو انہیں بھی پی سی بی کے نئے اشتہار کے مطابق درخواست دینی ہوگی۔