وزیراعظم عمران خان سے علامہ طاہر اشرفی کی ملاقات ، کیا گفتگو ہوئی ؟جانئے
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیرِ اعظم عمران خان سے نمائندہ خصوصی برائے مشرقِ وسطی و بین المذاہب ہم آہنگی علامہ طاہر محموداشرفی نے ملاقات کرتےہوئےاہم امور پرتبادلہ خیال کیا ہے۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سےجاری بیان کےمطابق ملاقات میں دونوں رہنماوں کے درمیان بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے حکومت کےاقدامات اورمشرقِ وسطی کے امور پر گفتگو ہوئی۔وزیراعظم سے ملاقات کےبعد میڈیاسےگفتگو کرتےہوئےعلامہ طاہرمحمود اشرفی کاکہناتھاکہ پاکستان میں اسلامی تعاون تنظیم(اوآئی سی)وزرائےخارجہ کاغیرمعمولی اجلاس 41سال کےبعدہورہا ہے ،وزیر اعظم عمران خان او آئی سی وزرائےخارجہ اجلاس سے خطاب کریں گے،سعودی عرب کی مشاورت سےافغانستان کی صورت حال پر او آئی سی کا اجلاس بلایا گیا ہے،عالم اسلام نے پاکستان پراعتمادکااظہار کرتےہوئےاو آئی سی کااجلاس یہاں منعقد کیا،او آئی سی وزرائےخارجہ اجلاس میں افغان صورتحال پر غور کیا جائیگا۔
انہوں نےکہاکہ افغانستان کی صورت حال خراب ہوتی ہے تو اثر پوری دنیا پر پڑے گا،کل شام کو اسلام آباد سےپوری دنیاکو افغانستان میں امن لانےکا پیغام جائےگا،پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے کہ خطرناک ملک ہے، او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس سے ثابت ہوگیا پاکستان پُرامن ملک ہے، پاکستان کی کوششوں سے دنیا کے ممالک نے افغانستان حکومت سے بات کی ہےجبکہ سعودی عرب کی طرف سے افغانستان کے لیےامداد پہنچائی گئی ہے۔
علامہ طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں"یوم عربی"منایا جارہا ہے، پورے ملک میں عربی زبان آسان بنانے کے لیے کام کریں گے، پاکستان میں سکولوں، کالجوں اور مدارس میں عربی کا شارٹ کورس کروائیں گے۔