لیگی رکن قومی اسمبلی کے بھائی کی گاڑی پر ڈاکوؤں کی فائرنگ، ملزمان کی فرار کی کوشش اہل علاقہ نے ناکام بنا دی

پاکپتن(آئی این پی ) مسلم لیگ(ن)کے رکن قومی اسمبلی احمد رضا مانیکا کے چھوٹے بھائی کی گاڑی پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کی جس سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تاہم اہل علاقہ نے ڈاکوؤں کے فرار کی کوشش ناکام بنا دی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی احمد رضا مانیکا کے بھائی معظم مانیکا اپنے آبائی گاؤں پیر غنی سے کام کے سلسلہ میں جا رہے تھے کہ ڈاکوؤں نے گاڑی نہ روکنے پر فائرنگ کر دی، ڈاکوؤں نے فائرنگ کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی تو اہل علاقہ نے مساجد میں اعلانات کروا کر ان کا تعاقب شروع کر دیا۔
ڈاکو فرار ہو کر دریائے ستلج کے قریب مکئی فصل میں چھپنے پر مجبور ہوگئے، اہل علاقہ کا ڈاکوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے بعد انہیں گھیر کر پکڑ لیا گیا، علاقہ مکینوں نے ڈاکوؤں کی درگت بنانا شروع کی تو پولیس نے موقع پر پہنچ کر انہیں دیہاتیوں سے بچاتے ہوئے گرفتار کر لیا۔