لانس نائیک محمد محفوظ شہید( نشان حیدر) کی 53ویں برسی آج منائی جائے گی ، پاک فوج کا شاندار الفاظ میں خراج تحسین
راولپنڈی ( ڈیلی پاکستان آن لائن) لانس نائیک محمد محفوظ شہید ( نشان حیدر) کی 53ویں برسی آج منائی جا رہی ہے ۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور افواج پاکستان نے آج کے دن کو لانس نائیک محمد محفوظ شہید ( نشان حیدر) کی غیر معمولی جرات اور غیر متزلزل حب الوطنی کی علامت کے طور پر منانے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق واہگہ بارڈر پر 1971 کی جنگ کے دوران لانس نائیک محمد محفوظ شہید نے جس بہادری اور قربانی کا مظاہرہ کیا وہ پاکستان کی مسلح افواج کے ناقابل تسخیر جذبے کی مظہر ہے۔ تمام تر مشکلات کے باوجود، دشمن کی پوزیشنوں پر ان کا بے خوف حملہ، ان کی غیر معمولی بہادری اور قوم کے لیے ثابت قدمی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ لانس نائیک محمد محفوظ شہید ( نشان حیدر) کی بے مثال بہادری نہ صرف فوجی مہارت کی شاندار دلیل ہے بلکہ ان کی ثابت قدمی ہر سپاہی کیلیےمشعل راہ کا درجہ رکھتی ہے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لانس نائیک محمد محفوظ شہید ( نشان حیدر) کی برسی پر، ہم ان کی لازوال میراث اور بے مثل قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ لانس نائیک محمد محفوظ شہید کی قربانی ایک ابدی پیغام ہے، جو ہمت، بہادری اور مادر وطن کے لیے بڑی سے بڑی قربانی دینے کے جذبےکو تقویت پہنچانے کا درس دیتی ہے۔