ماہ نور علی نے یو ایس جونیئر اوپن اسکواش چیمپئن شپ جیت لی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی اسکواش پلیئر ماہ نور علی نے یو ایس جونیئر اوپن اسکواش چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔فائنل میں ماہ نور علی نے مصر کی لنڈا السید کو 3-1 سے شکست دی۔ ماہ نور نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلا سیٹ 11-8 اور دوسرا سیٹ 12-10 کے اسکور سے اپنے نام کیا۔
لنڈا السید نے تیسرے سیٹ میں 11-5 سے فتح حاصل کر کے واپسی کی کوشش کی، لیکن ماہ نور نے چوتھے سیٹ میں 11-6 سے کامیابی حاصل کر کے میچ اور ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ماہ نور علی یو ایس جونیئر اوپن چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنے والی پہلی پاکستانی خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں، جس پر ملک بھر میں خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ماہ نور علی نے بارڈ فاؤنڈیشن کی مالی معاونت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ فتح میرے ملک، میرے کوچز اور میری فیملی کی محنت کا نتیجہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ "بارڈ فاؤنڈیشن کی سپورٹ کے بغیر یہ کامیابی ممکن نہیں تھی۔ میں اس فتح کو اپنے وطن کے نام کرتی ہوں۔پاکستان کی اس کامیابی پر کھیلوں کے حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، اور ماہ نور علی کی کارکردگی کو سراہا جا رہا ہے۔